رضا کاروں کے نام پر بی جے پی آخر کب تک سیاست کرے گی: مہیش کمار گوڑ

   

ایم ایل سی الیکشن کو فرقہ وارانہ رنگ دینا افسوسناک، مرکز سے فنڈز کے حصول کا کشن ریڈی سے مطالبہ
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر سیاست کرکے فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کے اس بیان پر سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر مجلس کی کامیابی سے حیدرآباد میں رضاکاروں کا دوبارہ احیاء عمل میں آئے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی قائدین کیلئے صبح ہوتے ہی رضاکار اور دیگر حساس مسائل کے سواء کچھ نہیں آتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایم ایل سی نشست کے الیکشن کا رضاکار سے کیا تعلق ہے۔ رضاکاروں کو ختم ہوئے طویل عرصہ ہوچکا ہے لیکن بی جے پی ابھی بھی ان کے نام پر سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کشن ریڈی آخر کب تک رضاکاروں کے نام پر سیاسی مقصد براری کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس رضاکار کے علاوہ کوئی ترقیاتی ایجنڈہ نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ رضاکار کو چھوڑ کر کیا بی جے پی ترقی کے بارے میں بھی بات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر کانگریس کے مقابلہ نہ کرنے پر بی جے پی تنقید کررہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس کے پاس کامیابی کیلئے عددی طاقت نہیں ہے لہذا وہ مقابلہ سے دور ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کن بنیادوں پر ایم ایل سی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے حالانکہ اس کے پاس بھی عددی طاقت نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ شائد بی آر ایس کے بھروسہ پر بی جے پی نے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے گذشتہ دس برسوں میں مرکزی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی تھی۔ الیکشن میں دونوں پارٹیاں ملکر کام کرتی ہیں لیکن الیکشن کے بعد خود کو ایک دوسرے کا مخالف ظاہر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ریاست کے نوجوان باشعور ہیں اور وہ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ مجلس کا کانگریس سے کوئی تعلق نہیں اور کانگریس پارٹی نے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کشن ریڈی اور بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ مرکز سے تلنگانہ کیلئے فنڈز کے حصول کی مساعی کریں۔ انہوں نے کشن ریڈی سے سوال کیا کہ تلنگانہ کیلئے مرکز سے ایک بھی پراجکٹ حاصل کیا ہو یا پھر فنڈز حاصل کئے ہوں تو تفصیلات عوام کے روبرو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشن ریڈی کُل جماعتی وفد کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کا منصوبہ بنائیں تو کانگریس وفد میں شامل ہوگی تاکہ مرکز سے فنڈز حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل، موسی ریور فرنٹ اور دیگر پراجکٹس کیلئے وزیر اعظم سے نمائندگی کی جانی چاہیئے۔1