ضلع کلکٹر کے ہاتھوں ایک لاکھ روپئے چیک کی حوالگی، میدک میں یوم خواتین پروگرام کا انعقاد
میدک۔/11مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر میدک راجرشی شاہ نے کہا کہ ملک اور سماج کی تعمیر و ترقی میں جتنا حصہ مَردوں کا ہے اتنا ہی حصہ خواتین کا ہے۔ ضلع کلکٹر راجرشی نے تلنگانہ بھون میدک میں TNGO’s کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی یوم خواتین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ صدر ضلع این جی اوز ڈی نریندر کی زیر صدارت یہ پروگرام منعقد ہوا۔ کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی ترقی کے لئے کئی ایک منفرد اختراعی فلاحی پروگرامس چلارہی ہے۔ خواتین کو چاہیئے کہ ان اسکیمات سے مستفید ہوں۔ ڈسٹرکٹ ویمن ویلفیر آفیسر برہما جی نے کہا کہ والدین کو چاہیئے کہ اپنے نونہالوں کی تعلیم میں کوئی فرق نہ رکھیں، لڑکیوں کو بھی اعلیٰ تعلیم سے جوڑیں۔ صدر ضلع ٹی این جی اوز ڈی نریندر نے کہاکہ لڑکیوں کو چاہیئے کہ محنت و جستجو کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور معاشرہ میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔ ضلع ایس سی ویلفیر آفیسر وجئے لکشمی نے کہاکہ تعلیم ہی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی ترقی میں تعاون کرنے ، خواتین پرتشدد اور حملوں اور صنفی عدم مساوات سے دور رہنے کا عہد دلایا۔ اس موقع پر ضلع میدک کے وڑی پلی کی سرپنچ رضیہ سلطانہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔ا نہیں ریاستی سطح پر بہترین آنگن واڑی معلمہ کے طور پر منتخب کیا گیا اور حکومت تلنگانہ نے ایک لاکھ روپئے کا ایوارڈ پیش کیا۔ علاوہ ازیں دیگر آنگن واڑی ورکرس ٹیچرس کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ناگراج، میپما پراجکٹ ڈائرکٹ اندرا، ٹی این جی اوز کے ضلع سکریٹری راجکمار، نائب صدر انورادھا، دیگر قائدین این جی اوز، لیلا رادھا، منگا منوہر، محمد اقبال پاشاہ، محمد فضل الدین کے علاوہ دیگر ملازمین و قائدین نے شرکت کی۔