رعیتو بازاروں میں ترکاری فروش کی لوٹ مار

   


اصل قیمت سے زائد رقم وصول کرنے کی عام شکایت
حیدرآباد :۔ محکمہ زراعت کی جانب سے حالانکہ شہر میں ہر روز تمام 11 رعیتو بازاروں میں ترکاریوں کی قیمت مقرر کی جاتی ہے لیکن بعض وینڈرس ( ترکاری فروش ) ترکاریوں کی اصل قیمت سے 5 تا 10 روپئے زائد وصول کرتے ہوئے قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ محکمہ کی جانب سے گذشتہ سال مارچ تا دسمبر مہدی پٹنم میں وینڈرس پر 16,350 روپئے کا جرمانہ جبکہ ایرا گڈہ میں 29,000 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ یہ دیکھا جارہا ہے کہ بعض رعیتو بازاروں بالخصوص الوال ، کوکٹ پلی ، مہدی پٹنم اور ایراگڈہ میں وینڈرس کسٹمرس کو لوٹ رہے ہیں ۔ مثال کے طور پر ٹماٹر کی اصل قیمت 10 روپئے فی کلو گرام ہوتی ہے تو اسے 15 روپئے فی کلو گرام ، آلو کی قیمت 31 روپئے ہو تو 35 روپئے فی کلو گرام ، گاجر کی قیمت 25 روپئے ہو تو 35 روپئے فی کلو گرام فروخت کیا جارہا ہے ۔ رعیتو بازاروں کے اسٹیٹ آفیسرس کے مطابق کسٹمرس سے اگر کوئی شکایت موصول ہو تو وینڈرس کو پہلی مرتبہ زبانی طور پر سرزنش کی جاتی ہے ۔ اگر وہ دوسری مرتبہ بھی اس طرح کی قواعد کی خلاف ورزی جاری رکھیں تو وزن کرنے کا مشین ضبط کرلیا جاتا ہے ۔ اگر مسلسل ایسا ہی کیا جائے تو انہیں جانے کے لیے کہا جاتا ہے ۔ مہدی پٹنم رعیتو بازار کے اسٹیٹ آفیسر وجئے کمار نے کہا کہ جب بھی ہم کو زیادہ قیمت پر ترکاریوں کو فروخت کرنے کی شکایت موصول ہوتی ہے تو رعیتو بازار کے متعلقہ سپروائزر کی جانب سے وینڈرس کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔ ایرا گڈہ رعیتو بازار کے اسٹیٹ آفیسر رمیش نے کہا کہ اس ہفتہ ہم کو اس طرح کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔ البتہ گذشتہ ماہ زائد قیمت چارج کرنے کی کئی شکایتیں موصول ہوئی تھیں اور وینڈرس پر تقریبا 29000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ‘ ۔ الوال رعیتو بازار میں ایک کسٹمر نے کہا کہ وینڈرس بورڈ پر موجود قیمتوں سے زیادہ قیمت چارج کررہے ہیں جب میں نے ان سے پوچھا کہ اصل قیمت سے 5 روپئے زائد کیوں وصول کئے جارہے ہیں تو ایک ترکاری فروش نے مجھ سے بحث کرنا شروع کردیا ۔ میں نے اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیدار سے شکایت کرنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ دستیاب نہیں تھے ‘ ۔۔