رعیتو بازار مہدی پٹنم بد انتظامی کا شکار

   

ترکاریوں کی قیمتیں ایک دن میں کئی مرتبہ تبدیل ، راستے مسدود کر کے کاروبار
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : رعیتو بازار مہدی پٹنم کا انتظامیہ بدحالی کا شکار ہے اس رعیتو بازار کا آغاز ہوئے دسیوں برس ہوچکے ہیں ۔ مگر رعیتو بازار کو نئے زمانے سے ہم آہنگ کرنے کے بجائے حالت زار سے دوچار کررہے ہیں جو ترقی کے بجائے دن بدن تنزلی کا شکار ہورہا ہے حالانکہ حلقہ اسمبلی کاروان اور نامپلی کے عوام کے لیے صرف یہ ایک ہی رعیتو بازار دستیاب ہے اور رعیتو بازار میں سیکوریٹی گارڈس نہ ہونے کی وجہ سے رعیتو بازار شناختی کارڈس نہ رکھنے والے تاجرین بھی رعیتو بازار کے دونوں گیٹوں کے پاس تجارت کررہے ہیں اور نتیجہ میں عوام کو رعیتو بازار کے اندر آمد و رفت کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کہ بازار کے اندرونی حصہ میں تاجرین کی تعداد کے مطابق پلیٹ فارمس نہیں ہیں جس کی وجہ سے تاجرین کو ترکاریاں زمین پر ہی رکھ کر تجارت کرنا پڑرہا ہے اور صارفین کو بازار کے اندرونی حصہ میں خریداری کے لیے سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے کیوں کہ وہاں قدم رکھنے کے لیے بھی جگہ دستیاب نہیں رہتی ہے اور ان مشکلات میں خاص کر شام کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے اور یہاں ترکاریوں کی قیمتیں ایک ہی دن کے اندر کئی مرتبہ تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور صارفین کا کہنا ہے کہ بازار میں بورڈس پر درج کی گئی قیمتوں اور تاجرین کی جانب سے لگائی جانے والی قیمتوں میں فرق ہوتا ہے ۔ صبح میں ایک قیمت تو دوپہر میں ایک قیمت اور پھر شام پانچ بجتے ہی ایک اور قیمت صارفین کا استقبال کرتی ہیں اور رعیتو بازار اسٹیٹ کے افسران دن بھر ایک طرح کی قیمتیں برقرار رکھنے میں ناکام ہورہے ہیں تو ساتھ ہی اوزان و پیمائش میں دھوکہ دہی کے لیے تدارکی اقدامات کرنے سے بھی قاصر ہیں اور یہاں سیکوریٹی گارڈس کی عدم تعیناتی کی وجہ سے دیگر ترکاری تاجرین بھی زبردست تجارت کررہے ہیں اور یہ لوگ بازار کے اندر جانے والے صارفین کو زبردستی روک کر انہیں اپنے پاس ہی خریداری کے لیے مجبور کررہے ہیں ۔ الغرض عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ مارکیٹنگ کے افسران اس جانب فوری توجہ دیتے ہوئے حالات میں سدھار لائیں ۔۔