حیدرآباد : چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اعلان کیاکہ کسانوں کو رعیتو بندھو کے تحت امداد کی تقسیم کا 27 ڈسمبر کو آغاز ہوگا اور 7 جنوری تک رعیتو بندھو کی امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے ہر کسان تک رعیتو بندھو اسکیم کی رقم پہنچائی جائے۔ کوئی بھی مستحق کسان اسکیم سے محروم نہ رہنے پائے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امدادی رقم راست طور پر کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کریں۔ چیف منسٹر نے محکمہ فینانس کو رعیتو بندھو اسکیم کے لئے 7300 کروڑ روپئے جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے کسان جو زمینات کے حامل ہیں وہ اِس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ حکومت نے 10 دنوں میں اسکیم کے تمام استفادہ کنندگان کو رقم کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کے سی آر نے پرگتی بھون میں رعیتو بندھو کے دوسرے مرحلہ کی امدادی رقم کی تقسیم پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار، پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری زراعت جناردھن ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ جائزہ اجلاس میں رعیتو بندھو اسکیم پر مؤثر عمل آوری کے لئے ایکشن پلان کو قطعیت دی گئی۔