کسانوں کی رائے کے مطابق اسکیم کو قطعیت دی جائے گی
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگامہ میں رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی نے آج عادل آباد ضلع کا دورہ کیا۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ اور وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے ہمراہ بھٹی وکرمارکا نے اوٹنور میں کسانوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے رعیتو بھروسہ اسکیم پر رائے حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی رائے حاصل کرنے کے لئے ہر ضلع میں رعیتو بھروسہ سدسو کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی تجاویز حاصل کرنے سے حکومت کو امید ہے کہ اسکیم پر موثر عمل آوری ہوگی۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ کانگریس حکومت ان کے مفادات کی نگہبانی کرے گی اور کسانوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 15 اگست سے قبل کسانوں کو دو لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ بھٹی وکرمارکا نے عادل آباد ضلع میں کسانوںکو درپیش مسائل کے بارے میں عہدیداروں سے دریافت کیا ۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کے لئے حکومت نئی اسکیمات متعارف کرے گی۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کا مقصد اسکیمات کے فوائد کو مستحق افراد تک پہنچانا ہے۔ 1