کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، کاشت کرنے والے کسانوں کو مدد ملے گی، گرام سبھا میں اسکیم کی تشہیر
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کسانوں کی رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کی تیاریوں کا کابینی سب کمیٹی نے جائزہ لیتے ہوئے 5 جنوری سے درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ، وزیر مال ٹی سرینواس ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے شرکت کی۔ کابینی سب کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ ایسے کسان جو کاشت کرتے ہیں اُن کی اراضی پر رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ اسکیم کے لئے کسانوں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی اور عہدیدار سروے کے ذریعہ سروے اور سیٹلائیٹ میاپنگ کے ذریعہ کاشت کی جانے والی اراضی کی نشاندہی کریں گے۔ 5 تا 7 جنوری درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ کابینی سب کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ سنکرانتی تہوار کے بعد اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ سب کمیٹی نے سال نو کے موقع پر کسانوں کو رعیتو بھروسہ اسکیم کے آغاز کی خوشخبری دی ہے۔ اسکیم کے مطابق امدادی رقم راست طور پر کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائیگی۔ کابینی سب کمیٹی نے اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لیا۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کی اسکیم میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ بڑی تعداد میں غیر کسانوں کو بھی امدادی رقم جاری کی گئی تھی۔ کابینی سب کمیٹی فیصلہ کے مطابق درخواست گذاروں کی جانب سے نشاندہی کی گئی اراضی کا سروے کرکے اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ واقعی کسان اراضی پر کاشت کررہے ہیں۔ کاشت کی جانے والی اراضی پر فی ایکر 15 ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت ایک کروڑ 53 لاکھ ایکڑ اراضی کو امدادی رقم جاری کی تھی۔ کانگریس حکومت نے رعیتو بھروسہ اسکیم پر حقیقی کسانوں کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینی سب کمیٹی اپنی سفارشات چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق اسکیم کے سلسلہ میں گرام سبھاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے تشہیر کی جائے گی۔ 5 ، 6 اور 7 جنوری کو گرام سبھا منعقد کرتے ہوئے نہ صرف کسانوں کی رائے بلکہ درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ہر منڈل کو 3 حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے مذکورہ ایام میں پرجا پالنا کے تحت گرام سبھا منعقد کرکے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ 1