رفیق حریری قتل، حزب اللہ کے دو ارکان کو عمر قید کی سزا

   

بیروت : بین الاقوامی ٹربیونل نے عسکری تنظیم حزب اللہ کے دو ارکان کو لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہونے پر عمرقید کی سزا سنائی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو جب لبنان کے لیے نیدرلینڈز میں قائم خصوصی عدالت نے فیصلہ سنایا تو کوئی بھی ملزم موجود نہ تھا۔ دونوں افراد مفرور ہیں اور ان کا ٹرائل غیر حاضری میں کیا گیا۔حسن حبیب مرہی اور حسین حسن اونیسی پر 2005 میں لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری کو ایک دھماکے میں قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا۔ اس دھماکے میں 21 دیگر افراد بھی مارے گئے تھے۔مارچ میں پانچ جرائم ثابت ہونے پر دونوں کو بم دھماکے میں کردار ادا کرنے کا قصوروار قرار دیا گیا تھا۔یہ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب سابق وزیراعظم رفیق حریری کا قافلہ ساحلی علاقے میں سڑک سے گزر رہا تھا۔اس دھماکے میں 226 افراد زخمی بھی ہوئے تھے اور لبنان سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوگیا تھا۔