رقمی ہیرپھیر: کمل ناتھ کا بھانجہ گرفتار

,

   

نئی دہلی ۔ 20 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ کے بزنسمین بھانچہ رائل پوری کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے 354 کروڑ روپئے کے بینک قرض دھوکہ دہی کے مقدمہ سے مربوط رقمی ہیرپھیر کے ایک تازہ ترین کیس کے ضمن میں آج گرفتار کرلیا ۔ رائل پوری کو قانون انسداد رقمی ہیر پھیر ( پی ایم ایل اے ) کے تحت پیر کو رات دیر گئے گرفتار کیا گیا جب وہ اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ کے اجلاس پر پوچھ گچھ کے ضمن میں حاضر ہوئے تھے ۔ سی بی آئی کی طرف سے گزشتہ ہفتہ ایف آئی آر داخل کیا گیا تھا جس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے رائل پوری اور دوسروں کے خلاف تازہ فوجداری مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ رائل سے ای ڈی اپنی تحویل میں پوچھ گچھ کرنا چاہتی کیونکہ اس کیس میں وہ مبینہ طور پر حکام سے تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ رائل پوری اگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت میں رشوت کے کیس کے سلسلہ میں پہلے سے ای ڈی کی نظر میں ہیں ۔ ای ڈی نے کہا تھا کہ وہ ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کرسکتے ہیں کیونکہ پہلے بھی کرچکے ہیں جس کے بعد انہیں ناقابل ضمانت وارنٹ کا سامنا ہے ۔