تہواروں کے دوران بین ریاستی سارقین سے چوکس رہنے شہریوں کو پولیس کا مشورہ
حیدرآباد ، 5 اکتوبر ( سیاست نیوز) دسہرہ تلنگانہ کے بڑے تہواروں میں سے ایک ہے ۔اس تہوار کے سلسلہ میں ایک سات بچوں کے اسکولس کو 15دنوں کی تعطیلات جاری ہیں۔دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں دسہرہ تہوار جوش وخروش کے ساتھ منایاجاتا ہے ۔اکثر خاندانوں کے تمام افراد بتکماں کھیلتے ہیں،اس تہوار کو اپنوں میں منانے کے لئے بعض خاندان اپنے آبائی مقامات کے لئے حیدرآباد سے آندھراپردیش جاتے ہیں۔ ابھی سے ہی بسوں اور ٹرینوں میں عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔حیدرآباد سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اضلاع جانے والے افراد کے گھروں کی حفاظت کرنے ،قیمتی اشیا کو چوری ہونے سے بچانے کے لئے تینوں کمشنریٹس حیدرآباد، سائبر آباد اوررچہ کنڈہ کے کمشنرس نے عوام کو مشورے دیئے ہیں۔ دسہرہ، سنکرانتی تہواروں کی آمد کے موقع پر بین ریاستی چوروں کے گروہ شہر حیدرآباد میں سرگرم ہوجاتے ہیں۔یہ گروہ خواتین کے گلے سے طلائی چین چھیننے ،چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہیں جس سے شہریوں میں خوف پایاجاتا ہے جس کے پیش نظر تینوں کمشنرس پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی نقد رقم، قیمتی سامان، زیورات بینک کے لاکرس میں محفوظ رکھیں، ساتھ ہی تہوار منانے کیلئے اپنے آبائی مقامات روانگی سے پہلے پولیس کو اس بات کی اطلاع ضرور دیں۔ ایسا کرنے سے اس علاقہ میں رات کے اوقات میں پولیس کی گشت میں اضافہ کیاجائے گا۔کمشنر پولیس سائبر آباد وی سی سجنار نے کہاکہ کئی لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے مکان بنانے والے اس کی سیکوریٹی پر توجہ نہیں دیتے ۔انہوں نے کہاکہ اپنے گھروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے کے لئے لوگوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے کہا کہ کالونیوں میں مکانات میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے چاہئے ۔مکانات کے قریب سیکوریٹی گارڈس کو بھی تعینات کیاجانا چاہئے ۔