رقم نہ ہونے سے کرایہ کی عدم ادائیگی ، مکانداروں نے تخلیہ کروادیا

   

بیرون ریاست کے مزدوروں کی سیکل پر آبائی ریاست کو روانگی ، حکومت سے سہولت کی فراہمی ناکافی کا بہانہ
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) مکان مالکین کی جانب سے مزدور طبقہ کو مکان خالی کرنے کیلئے مجبور کیا جانے لگا ہے اور مزدور طبقہ اپنی ریاستوں کو دستیاب سہولتوں کا استعمال کرتے ہوئے واپس ہونے لگا ہے۔ریاست تلنگانہ میں موجودمزدورو ں کو حکومت کی جانب سے سہولتوں کی فراہمی کے باوجود مزدور طبقہ کی جانب سے گروپس کی شکل میں اپنی ریاستوں کا رخ کرنے لگے ہیں ۔ اسی طرح کا ایک گروپ جو کہ 12 مزدوروں پر مشتمل ہے وہ مادھا پور سے اڈیشہ کے لئے سائیکل پر روانہ ہوا ہے۔ سائیکل پر روانہ ہونے والے مزدوروں کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے امدادانہیں حاصل ہوئی ہے لیکن وہ اس امداد کے سہارے شہر میں قیام کرنے کے موقف میں نہیں ہیں کیونکہ انہیں مکان مالک نے کرایہ ادا نہ کرنے کے سبب گھر سے بے گھر کردیا ہے اور اور وہ سڑک پر رہ نہیں سکتے اسی لئے ان لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر حیدرآبادسے روانہ ہوجائیں اور اگر مسلسل سائیکل کی سواری جاری رکھی جاتی ہے تو وہ اندرون ہفتہ اڈیشہ میںواقع اپنے موضع کو پہنچ جائیں گے ۔شہر حیدرآباد میں موجود مزدوروں کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شیلٹر بھی بنائیں گئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان مزدوروں کا کہناہے کہ وہ شیلٹر ہومس میں نہیں رہ سکتے اور نہ ہی سڑک پرسونے کے موقف میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس بات کی کوشش کرتے رہے کہ ان کے اپنے مالک مکان کو اس بات کے لئے راضی کریں کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد کرایہ وصول کریں لیکن مالک مکان کے نہ ماننے کے سبب وہ اپنے کپڑوں کے ساتھ روانہ ہو رہے ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ وہ صحیح سلامت اپنے گھروں تک پہنچ جائیں گے۔ ریاست تلنگانہ سے اگر اس طرح مزدوراپنے مواضعات کی طرف روانہ ہونے لگتے ہیں تو ایسی صورت میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے لئے کئے جانے والے اقدامات بے فیض ثابت ہوتے چلے جائیں گے۔