رقم چاہے جتنا بہائیں ، کے سی آر تیسری مرتبہ چیف منسٹر نہیں بن پائیں گے

   

آخر ستمبر یا اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں انتخابی اعلامیہ ممکن، محبوب نگر میں جلسہ ، کانگریس قائدین کا خطاب
محبوب نگر : /20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تیسری مرتبہ چیف منسٹر کی کرسی پر بیٹھنے کا جو خواب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دیکھ رہے ہیں ہم کسی بھی قیمت پر ان کے خواب کو پورا ہونے نہیں دیں گے ۔ اس کیلئے چاہے وہ کتنی ہی کثیر رقم کیوں نہ خرچ کرلیں ۔ ان عزائم کا اظہار ٹی پی سی سی پبلسٹی کمیٹی کے کو چیرمین پی سرینواس ریڈی نے کیا ۔ وہ مستقر محبوب نگر پر کانگریس دفتر کے میدان میں ہفتہ کی شام منعقدہ جلسہ میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 مرتبہ انہوں نے عوام کو گمراہ کرکے اقتدار حاصل کرلیا ۔ وعدے تو پورے نہیں کئے لیکن عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ۔ انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 برس میں کسانوں کے قرض کی معافی کیوں یاد نہیں آئی ؟ عین انتخابات سے قبل ہمدردی کیسی ہے وہ جو قرض معاف کرنے کی بات کررہے ہیں وہ سود کے برابر بھی نہیں ہیں ۔ حکومت نے گروہا لکشمی اسکیم کیلئے صرف 3 دن کا موقع دیا جبکہ شراب کی دکانات کے ٹنڈرس کیلئے 15 دن کا وقت دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں کانگریس قائدین اور کارکنوں پر مقدمات سے خائف نہیں ہیں ۔ محکمہ پولیس میں فرض شناس عہدیدار ہیں لیکن چند عہدیدار حکومت کے دباؤ میں کام کررہے ہیں ۔ کانگریس حکومت سنبھالنے کے بعد کانگریس قائدین پر مقدمات برخواست کردیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کے آخری یا اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے امکانات ہیں ۔ انہوں نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گروپ بندیاں ختم کرکے متحدہ جدوجہد کرتے ہوئے پارٹی کو اقتدار دلائیں ۔ جلسہ سے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اس وقت غیر جمہوری اور ڈکٹیٹر شپ حکومت چلائی جارہی ہے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری جی چناریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی نے گنے چنے پولیس عہدیداروں کے خلاف ریمارکس کئے تھے ۔ لیکن اس ریمارکس پر پولیس اسوسی ایشن کے ریاستی صدر ایک سیاسی قائد کی طرح بات کررہے ہیں اور ان کا یہ کہنا کہ کے سی آر ایک اور مرتبہ سی ایم بنیں گے ۔ نامناسب ہے کیونکہ وہ ایک سرکاری عہدہ پر ہیں ۔ انہوں نے ان عہدیدار کو مشورہ دیا کہ اگر وہ سیاست میں دلچسپی لیتے ہیں تو ملازمت کو چھوڑکر سیاست میں آجائیں ۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لینے کی بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ اپوزیشن قائدین پر مقدمات درج کروارہے ہیں ۔ اس موقع پر ٹی پی سی سی نائب صدور عبیداللہ کوتوال ، ملو روی ، ایم چندر شیکھر ، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی ، گدوال کی ضلع پریشد چیرپرسن کویتا ، متحدہ ضلع کے قائدین ومشی کرشنا ، راجندر پرساد ، سری ہری ، شیو کمار ریڈی ، پرشانت ، کے راجیشور ریڈی ، انیتا ، وسنتا و دیگر موجود تھے ۔