حیدرآباد : 9نومبر ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر شیخ عبداللہ سہیل نے جوبلی ہلز کے رائے دہندوں کی اپیل کی کہ وہ ضمنی چناؤ میں بی آر ایس امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور کانگریس کی جانب سے رقم کی تقسیم کو مسترد کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ووٹ کیلئے رائے دہندوں کو 2500 تا 5000روپئے تقسیم کررہی ہے ، اس طرح ووٹ خریدنے کی کوشش جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے آخری دن عوام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس کی جانب سے رائے دہندوں میں رقمی تقسیم کے واقعات کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور غریبوں پر حیڈرا کے مظالم کے واقعات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ کانگریس کی مہم کا شکار نہ ہوں کیونکہ معمولی رقم کے عوض اپنے ووٹ کو فروخت نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عارضی فائدے کو فراموش کرتے ہوئے مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کو بی آر ایس کی کامیابی کے ذریعہ یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ ضمنی چناٰؤ دراصل بہتر حکمرانی کا تقابل ہے ۔ کے سی آر کی قیادت میں ریاست کی ہمہ جہتی ترقی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے تاریخی اقدامات کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دو سال میں مخالف اقلیت پالیسی اختیار کی گئی ۔ 1