نقد رقم اور فرضی کرنسی ضبط، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) رقم کو غیرقانونی طور پر کالے دھن میں بدلنے کا جھانسہ دیکر ایک تاجر کو لوٹنے والی ایک ٹولی کو کیسرا پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے 5 اراکین بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو مفرور بتائے گئے۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔ کمشنر نے بتایا کہ 35 سالہ محمد عزیز ساکن جوبلی ہلز متوطن کریم نگر، 38 سالہ انور ساکن پداپلی، 41 سالہ سبھاش چندرا ساکن صنعت نگر، 28 سالہ ایم ناگراجو ساکن عبداللہ پورمیٹ اور 40 سالہ جے بھاگیہ لکشمی ساکن کریم نگر کو گرفتار کرلیا جبکہ رویندر سنگھ اور راجیش مفرور بتائے گئے ہیں۔ اس ٹولی نے پولیس کی وردی میں شکایت گذار کے 5 لاکھ روپئے لوٹ لئے تھے۔ بھاگیہ اور عزیز نے منصوبہ بنایا تھا۔ بھاگیہ نے شکایت گذار این راجی ریڈی سے رابطہ کیا اور شاہ میرپیٹ میں اراضی دلانے میں مدد کا تیقن دیا جس کے بعد اس نے شکایت گذار کو کالے دھن کی پیشکش کی اور کہا کہ چند افراد نے ہزار کرنسی نوٹوں کے بند ہونے کی اطلاع پر اس کرنسی کو کالے دھن میں بدلنا چاہتے ہیں اور ایک لاکھ روپئے کے عوض 5 لاکھ روپئے کا فائدہ ہوگا۔ بھاگیہ نے شکایت گذار کوا س زرین موقع سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا اور مکمل طور پر اس شکایت کنندہ شخص کو اپنی جعلسازی کا شکار بنا لیا۔ جب وہ 5 لاکھ روپئے کو بدلنے کی کوشش میں تھا، منصوبہ بند طریقہ سے اس شخص کو لوٹ لیا گیا۔ پولیس اس ٹولی کے تعلق سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 30 ہزار روپئے اصل رقم اور ایک کروڑ روپئے کی فرضی کرنسی کو ضبط کرلیا۔ بھاگیہ نے رویندر سنگھ کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا تھا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ گرفتار افراد کا مجرمانہ ریکارڈ پایا جاتا ہے۔