لکھنؤ۔ اترپردیش میں 18ویں اسمبلی کی تشکیل کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے سینئر ایم ایل اے رما پتی شاستری کو پروٹیم اسپیکر کا حلف دلایا۔ راج بھون سے موصول اطلاع کے مطابق گورنر نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق دن میں 11بجے شاشتری کو راج بھون میں عہدے کا حلف دلایا۔ اس دوران نومنتخب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے کابینہ کے ساتھ سریش کھنہ بھی موجود تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی بی جے پی کے سینئر ایم ایل اے شاستری کو گورنر کے ذریعہ پروٹیم اسپیکر نامزد کیا گیا ہے ۔ وہ خود حلف لینے کے بعد اب اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلائیں گے ۔ اس کے بعد ان کے ذریعہ نئے اسمبلی اسپیکر کے منتخب کئے جانے کے عمل کو بروائے کار لایا جائے گا۔