رمضان‘رخصت کی سمت‘ یادالٰہی میںمصروف ہوجائیں

   

تقویٰ کے ساتھ زندگی گزارنے کی تلقین ‘ بیدرمیںدعوت افطارسے اقبال احمدانجینئرکاخطاب
بیدر۔ 23؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارا ہرپل اللہ کی بندگی میں اس طرح بسر ہو جیسے رمضان کے مہینے میں ہورہاہے۔ رمضان کاآخری عشرہ اپنی پوری رحمتیں ، برکتیں لئے ہوئے رمضان الوداع کی طرف بڑھ رہاہے۔ اسی عشرہ میں اک رات ہے جس میں کسی نے عبادت کی ، تو83سال 4مہینے کی عبادت کا ثواب حاصل کرلے گا۔ یہ باتیں جناب اقبال الدین انجینئر نے افطار پارٹی منعقدہ نوجوانان محلہ نورخاں تعلیم ، بمقام شادی محل بیدر میں خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہاکہ اعتکاف کریں ۔اعتکاف ایک ایسی نفلی عبادت ہے جو صرف رمضان کے آخری دہے میں ہوتی ہے۔ اور مسلمانوں کو دنیاداری چھوڑ کر اللہ کی یاد میں مصروف ہونا اعتکاف ہے۔ کیوں کہ یہ دنیا دارالامتحان ہے ۔ بقیہ دنوں میں سماج میں رہ کر خوف ِ خدا والی زندگی گزارنا ضروری ہوجاتاہے۔ شیطان اگر ہم پرحاوی ہورہاہوتو فوراً احساس کرکے توبہ واستغفار کرلینا چاہیے اور شیطانی کام کو چھوڑ کر جو کام نبی کریم ﷺ نے بتائے ہیں ، ان باتوں پرعمل کرتے ہوئے زندگی گزارنا چاہیے۔ ہماری زندگی کا مقصد جہنم کی آگ سے بچنا ہونا چاہیے۔ کیوں کہ آخری عشرہ میں نبی اکرم ﷺ نے جہنم کی آگ سے بچنے کے لئے بھی دعاکرتے رہنے کی نصیحت کی ہے اور ہر طاق رات میں یہ دعا بھی کرتے رہنا چاہیے کہ’’ اے اللہ تو معافی کوپسند فرماتاہے ۔ معاف کرنے کوپسند فرماتاہے۔ مجھے معاف فرما‘‘۔ اپنے اختتامی خطاب میں موصوف نے کہاکہ صبر کرنے والوں کے ساتھ خود اللہ کی ذات رہتی ہے۔ آج دنیا کے ماحول پر مادیت کاغلبہ ہے۔ خواہش نفس کی پیروی نے نیکی اور بدی کی پہچان کو بھی بدل دیاہے۔ خودغرضی نے انسانیت کی قدریں مٹادی ہیں۔ نبی اکرم ﷺ نے حکمت ودانائی سے زندگی گزارنے کی تعلیم دی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ہدایت عطافرما، نفع دینے والا علم عطافرما، ایمان کے ساتھ نیک اعمال کرنے کی توفیق نصیب فرما۔ ہمیں عزت نفس کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق نصیب فرما، ہم کمزورہیں ہماری ایسی جگہ سے مددفرماجس کاوہم وگمان بھی نہ ہو۔ دنیا میں بھی بھلائی عطافرما ، آخرت میں بھی بھلائی عطافرما۔ اور ہمیں جہنم کی آگ سے بچا۔