جامعہ خیرالنساء للبنات بچکنڈہ کاسالانہ جلسہ ‘ مولانا عتیق احمد قاسمی ودیگرکا خطاب
بچکنڈہ۔15فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ جامعہ خیرالنساء للبنات میں سالانہ جلسہ ختم بخاری شریف و استقبالِ رمضان نہایت دینی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں علماء کرام، معززینِ شہر، سیاسی و سماجی قائدین، خواتین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز طالبہ حمیرہ مدیحہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا ۔بعد ازاں جناب احمد ساگر (بودھن) نے نعتِ رسولِ مقبول ؐ پیش کرکے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔ اس بابرکت موقع پر مہمانِ خصوصی مولانا عتیق احمد قاسمی ناظم جامعہ گلشن خیرالنساء نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ختم بخاری شریف احادیثِ نبویؐ سے وابستگی اور دینِ اسلام کی مضبوط بنیاد کی علامت ہے، اس عظیم سعادت کے موقع پر جمع ہونا اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے، انہوں نے قرآنِ کریم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو پوری امتِ مسلمہ کے لیے آسان بنایا ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن کی تلاوت، فہم اور اس پر عمل کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ استقبالِ رمضان کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں، مغفرت اور ہمدردی کا مہینہ ہے، جو ہمیں غریبوں، یتیموں اور مسکینوں کے حالات کا احساس دلاتا ہے، روزہ انسان میں صبر، تقویٰ اور اخلاص پیدا کرتا ہے اور معاشرے میں بھائی چارہ کو فروغ دیتا ہے۔ جلسہ کے دوران جامعہ کی طالبات کی شاندار کارکردگی پیش کی گئی، طالبات نے دینی و تعلیمی مظاہرہ، تقاریر اور مکالمات کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بہترین ثبوت دیا، نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کی گل پوشی، شال پوشی اور پھولوں کے ہار پہنا کر حوصلہ افزائی کی گئی ۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالملک (نظام آباد) نے بخوبی انجام دیے جبکہ مدرسہ کے ناظم مولانا عبدالعلیم فاروقی نے تمام مہمانانِ گرامی کا استقبال کیا اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر جمعیت علماء حضرت حافظ فہیم الدین منیری، دیگر علماء کرام، عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، آخر میں ملک و ملت کی سلامتی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے حصول کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔