حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کا دورہ، دونوں مساجد کے انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد: رمضان المبارک کے دوران تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں روزہ داروں اور مصلیوں کے لئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ۔ رمضان المبارک کے پیش نظر دونوں مساجد کے لئے ضروری انتظامات اور درکار اشیاء کی خریدی کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور کی صدارت میں قائم کی گئی اس کمیٹی میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر، ڈائرکٹوریٹ آف میناریٹی ویلفیر کے علاوہ دونوں مساجد کے عہدیدار شامل ہیں۔ کمیٹی نے آج دونوں مساجد کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے دوران انجام دیئے جانے والے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے علاوہ ضروری اشیاء کی فہرست تیار کی گئی جنہیں خریدنے کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ مکہ مسجد میں حوض کی تعمیر کا کام 15 دن میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ٹائیلٹ اور باتھ رومس کی تعمیر رمضان المبارک سے قبل مکمل ہوجائے گی ۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں چھت کی مرمت اور تزئین نو کا کام جاری ہے۔ کمیٹی نے کنٹراکٹر کو کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ مسجد کے باہری صحن میں شیڈ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے اور رمضان کے آغاز سے قبل ہر سال کی طرح شیڈ نصب کیا جائے گا تاکہ جمعہ اور تراویح کے موقع پر مصلیان کو سہولت ہو۔ افطار کے موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں روزہ دار مکہ مسجد میں موجود رہتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ رمضان المبارک میں افطار کے لئے ایک ہزار کیلو کھجور کی خریدی کا منصوبہ ہے۔ انتظامات کے لئے 200 دسترخوان فراہم کئے جائیں گے ۔ دونوں مساجد میں حکومت کی جانب سے افطار کے لئے کھجور کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد میں مائیک سسٹم کی تبدیلی ، جائنمازوں کی صفائی ، پلاسٹک جائنمازوں کی خریدی ، ایرکولرس ، فریج ، اکوا گارڈ اور دیگر ضروری سامان پر مشتمل فہرست تیار کی گئی ہے جس پر 30 تا 40 لاکھ روپئے کا خرچ آئے گا ۔ شاہی مسجد کے لئے 15 لاکھ کی اشیاء کی خریدی کا منصوبہ ہے ۔ 31 مارچ سے قبل خریدی کیلئے بجٹ حاصل کرلیا جائے گا ۔ کمیٹی اپنی سفارشات ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو پیش کرے گی ۔ مساجد کے انتظامات کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم ، ڈپٹی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ناگراج سنگھ ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر خیرالنساء ، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔