رمضان المبارک میں بلا وقفہ برقی اور روزانہ پانی کی سربراہی

,

   

وقف بورڈ میں جائزہ اجلاس، علماء اور عہدیداروں کی شرکت، پولیس زیادتی میں کمی کا مشورہ

حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مختلف محکمہ جات کو ہدایات دی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروںکی سہولت کیلئے مؤثر انتظامات کریں ۔ رمضان المبارک کا آغاز لاک ڈاؤن کے دوران ہورہا ہے، ا یسے میں برقی ، آبرسانی اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور واٹر ورکس کی جانب سے روزانہ پانی سربراہ کیا جائے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات ہوں اور روزانہ دو مرتبہ کچرے کی نکاسی عمل میں لائی جائے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور مذہبی شخصیتوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی امیر جامعہ نظامیہ ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، حافظ محمد عثمان امام مکہ مسجد ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی راہول راج ، ایڈیشنل ڈی سی سنٹرل زون کے گنگا ریڈی ، چیف جنرل مینجر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے این سوامی ، ڈیویژنل انجنیئر فرحت علی ، آر ڈی او ایس سرینو، جنرل مینجر واٹر ورکس ونود کمار، ڈپٹی سیول سرجن ڈاکٹر سیما تبسم کے علاوہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید نے شرکت کی۔ علمائے اکرام نے پولیس عہدیداروں سے خواہش کی کہ رمضان المبارک کے دوران ائمہ اور مؤذنین کو مساجد جانے سے نہ روکا جائے۔ کئی مقامات سے شکایات مل رہی ہیں کہ پولیس ائمہ اور مؤذنین پر سختی کر رہی ہے۔ پولیس کو لاک ڈاؤن کے نفاذ کے سلسلہ میں نرمی سے کام لینا چاہئے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر حکومت کورونا وائرس بچاؤ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ غریبوں کو غذا اور اجناس سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ تمام ضلع کلکٹرس اور مساجد کمیٹیوں کو لاک ڈاؤن کی پابندی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ محمد سلیم نے کہا کہ نمازوں کی ادائیگی اور افطار و تراویح کا اہتمام گھروں میں کیا جائے ۔ میونسپل کارپوریشن کو اسٹریٹ لائیٹس کی درستگی پر توجہ دینی چاہئے ۔ پولیس ضروری مقامات پر پیکٹس قائم کرے۔ ایسے علاقے جہاں نلوں سے پانی کی سربراہی کا انتظام نہیں ہے ، وہاں ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے ۔ سربراہی آب میں آلودہ پانی کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔ بلا وقفہ برقی سربراہی کے لئے موبائیل ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح مختلف محکمہ جات پر مشتمل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور رمضان کے انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔