عادل آباد میں تمام مساجد کمیٹی اور ائمہ و موذنین کے ہمراہ ڈی ایس پی کا اجلاس
عادل آباد ۔24اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رمضان المبارک کے پیش نظر مستقر عادل آباد کے عرفہ گارڈن میں مساجد کمیٹی صدور ، آئمہ کا ایک اجلاس ڈی ایس پی مسٹر وینکٹیشور راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں خصوصیت کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں کی جانے والی عبادتیں روزہ ، سحر ، افطار ، نماز تراویح کو پُرامن طور پر اپنے اپنے مکانوں میں ادا کرنے کی ہدایت جہاں ایک طرف دی گئی وہیں دوسری طرف مساجد میں صرف پانچ افراد بشمول امام ، موذن کے تمام تراویح پڑھنے کی خواہش کی گئی۔ مکانوں میں بھی زیادہ افراد کو جمع کرنے سے گریز کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں چار پانچ افراد کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے تراویح پڑھنے کی ہدایت دی گئی ۔ ساجد خان کانگریس میناریٹی ضلع صدر کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی ایس پی مسٹر وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ ایسے افراد جو ہوم کورنٹائن میں ہیں ان کو سہولت پہنچانے کی ذمہ داری محلہ کے کونسلرز ، وارڈ واریئر ، مساجد کمیٹی صدور پر عائد کی جائے گی جو سحر و افطار کے تعلق سے ضروری اشیاء فراہم کرسکیں گے ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ ہوم کورنٹائن کی معیاد اب 28 دن کردی گئی ہے ۔ مساجد آئمہ ، موذن ، کمیٹی صدور کو پولیس کی جانب سے پاس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اس موقع پر ضلع عادل آباد کے علماء ، مفتیان کی نگرانی میں ترتیب کردہ رمضان المبارک کے نظام الاوقات کیلنڈر کی رسم اجرائی عمل میں لائی گئی جبکہ جمعیت العماء صدر حافظ ابوبکر نے اپنے خطاب میں ہنگامی صورتحال کی بناء پرع لماء کرام کی جانب سے جاری ہدایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے مساجدوں میں ’’ الم ترا‘‘ سے تراویح پڑھنے کا مشورہ دیا ۔ اس اجلاس کی کارروائی مولانا اکبر الدین حسامی نے چلائی جبکہ مختلف محلہ جات کے مساجد سے تعلق رکھنے والے آئمہ و کمیٹی صدور موجود تھے ۔