موثر انتظامات کیلئے محکمہ جات کو ہدایت، وزیر اقلیتی بہبود کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے تمام محکمہ جات کو رمضان المبارک کی تیاریوں کے ضمن میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے گزشتہ برسوں کی طرح رمضان المبارک کے دوران رات بھر دکانات کھلا رکھنے اور کاروبار کی اجازت کے فیصلہ سے عہدیداروں کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران برقی اور آبرسانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور مساجد کے اطراف کچرے کی نکاسی اور صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق کی طر ح مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ضروری انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں صدرنشین عظمت اللہ حسینی ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن کونسل بی وینکٹ ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن کے علاوہ پولیس ، ٹریفک پولیس ، برقی ، آبرسانی ، صحت ، فائر سرویسز اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری محکمہ جات کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکومت کی جانب سے رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں خصوصی بجٹ جاری کیا جاتا ہے۔ سکریٹریٹی اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے رمضان المبارک کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران سرکاری محکمہ جات کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے تاکہ سحر ، افطار اور تراویح کے موقع پر برقی سربراہی میں کوئی خلل نہ ہو۔ انہوں نے واٹر ورکس کی جانب سے پانی کی موثر سربراہی کی ہدایت دی۔1
