غرباء کی مدد کرنا ضروری، کریم نگر میں جمعیتہ العلماء کا اجلاس ، علماء کا خطاب
کریم نگر /7 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے جمعیۃ کے دفتر پر 7 مارچ بروز جمعرات صدر قاضی و صدر جمعیۃ الحفاظ حافظ احمد منقبت شاہ خان کی صدارت میں جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا۔ حافظ احمد منقبت شاہ خان نے جمعیۃ الحفاظ کا تعارف پیش کیا اور اس کی ہمہ جہت خدمات سے روشناس کروایا ، صدر محترم نے کہا کہ جمعیۃ الحفاظ جہاں مختلف مثالی خدمات کو انجام دینے والا ادارہ ہے وہیں اس کے ذریعہ رمضان المبارک کے موقع پر مستحق افراد کی با ضابطہ نشاندہی کر کے ان تک راشن پہنچایا جاتا ہے۔ حافظ ضیاء اللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ رمضان المبارک کو اللہ تعالیٰ نے بے انتہاء عظمت سے سرفراز کیا ہے ، اس میں عبادتوں کے اجر و ثواب کو بڑھا دیا جاتا ہے، احادیث میں اس کو ہمدردی و غمخواری کا مہینہ کہا گیا ہے اور اس میں کسی روزہ دار کو روزہ افطار کرانے پر اس روزے دار کے برابر ثواب عطا فرمانے کی نوید سنائی ہے، رمضان المبارک میں ہمیں چاہئے کہ ہم غریبوں اور مستحق افراد کے کام آنے والے بنیں، جہاں تک ہو سکے غرباء کی امداد کریں تا کہ غریب کے گھر بھی رمضان کی خوشیاں دیکھنا نصیب ہو اور ان کی اولاد بھی عید کی مسرتوں سے شادماں ہوں۔ اس موقع پر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے دیہاتوں کی مساجد کے لئے جائے نمازوں کا انتظام کیا گیا اور دیہاتوں میں افطار کا انتظام کرنے کیلئے رقم دی گئی۔ واضح رہے کہ جمعتہ الحفاظ کی جانب سے ہر ماہ دیہات کے تقریبا 70 معلمین کے درمیان تنخواہیں دی جاتی ہیں اور رمضان المبارک کے موقع پر بڑے پیمانے پر راشن تقسیم کیا جاتا ہے ۔ یہ پہلے مرحلہ کی تقسیم تھی جس میں 70 افراد کو راشن کا عمدہ پیا کیج دیا گیا۔ حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعتہ الحفاظ نے اجلاس کی کاروائی چلائی ۔ اس موقع پر حافظ صادق علی سکریٹری، حافظ معظم حسین فیضی خازن ، حافظ فرید الدین امجد نائب خازن ، کے علاوہ احمد الجعیدی ، وصی نجیب عظیم الدین موجود تھے۔
