ریاض : رمضان المبارک میں نمازیوں کے لیے مسجد حرام کی چھت پر بھی انتظام کرلیا گیا ہے۔ ’’ صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی‘‘ نے رمضان کے بابرکت مہینے میں زائرین اور نمازیوں کی کثرت کے پیش نظر المسجد الحرام کی چھت کو بھی تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔’’ صدارت عامہ‘‘ کے صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہیکہ تمام آپریشنل اور تکنیکی خدمات فراہم کر دی گئی ہیں اور مسجد حرام کے زائرین کیلئے چھت بھی تیار کر لی گئی ہے۔ ماہ رمضان کے آپریشنل پلان کے مطابق ہجوم کو منظم کرنے کیلئے اہل کیڈرز کو بھی تیار کرلیا گیا ہے۔السدیس نے ماہ مقدس میں عازمین اور نمازیوں کا استقبال کرنے، ان کی عبادات کو آسان بنانے اور مسجد حرام میں خدمات کو مربوط اور ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔