رمضان المبارک میں پانچ مصلیوں کے ساتھ نماز کی اجازت

   

یلاریڈی ڈی ایس پی کامساجد کمیٹی صدور کے ساتھ اجلاس

یلاریڈی ۔24اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر پولیس اسٹیشن احاطہ میں ڈی ایس پی مسٹر شاشنگ ریڈی کی زیر صدارت مقامی مسلمانوں اور مساجد کے صدور کے ساتھ خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں صدر مساجد کمیٹی شیخ غیاث الدین نے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر مساجد میں اجتماعی طور پر عبادات کی اجازت نہیں ہے لیکن رمضان المبارک کے پیش نظر امام و موذن کے ساتھ تین مصلیوں کے ساتھ جملہ پانچ افراد کو نمازوں کی حکومت نے اجازت دی ہے ۔ نافذ کئے گئے پابندیوں کا تمام مسلمانوں کو عمل کرنے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔ نماز تراویح بھی گھروں پر ادا کرنے کو کہا ۔ ڈی ایس پی مسٹر شاشنک ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان کے موقع پر تمام مسلمانوں کو اپنے اپنے گھروں میں عبادات کرنا ہوگا ۔ مساجد میں ہر روز صرف پانچ افراد کے ساتھ نمازوں کی اجازت دی گئی ہے جس کا تمام مسلمانوں کو پابندی کے ساتھ عمل کرنا ہے ۔ افطار پارٹی کی بھی کسی کو اجازت نہیں رہے گی ۔ کورونا وائرس کے بعد وباء سے محفوظ رہنے کیلئے کیا گیا لاک ڈاؤن تمام مذاہب کے اجتماعی تہواروں پر پابندی عائد کرتا ہے ۔ اس لئے مسلمانوں کو بھی رمضان میں اجتماعی طریقہ سے عبادات کی اجازت ہے اور افطار ، سحر کے وقت سائرن بجانے کیلئے کوئی پابندی نہیں ہے ، البتہ سحر میں گشت کر کے بیدار کرنے والوں کو اجازت نہیں رہے گی ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر مسٹر راج شیکھر ، سب انسپکٹر شویتا ، تحصیلدار مسٹر سوامی ، میونسپل کمشنر مسٹر محمد قمر احمد ، میونسپل چیرمین مسٹر ستیہ نارائنا اور مقامی مسلمانوں میں جناب شیخ محی الدین موظف ، ڈاکٹر محمد عبدالجلیل ، محمد یوسف پٹیل ، محمد سخاوت علی ، عزیز الرحمن ، محی الدین ، محمد عمران ساجد ، سید احمد علی متولی جامع مسجد اور دوسرے موجود تھے ۔