رمضان المبارک کے انتظامات پر وزیر اقلیتی بہبود کا اتوار کو جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد۔16۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں 19 مارچ کو محکمہ جاتی جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود کے دفتر سے تمام متعلقہ محکمہ جات کو نوٹ جاری کیا گیا جس میں برقی ، واٹر ورکس ، پولیس ، جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے ، میڈیکل اینڈ ہیلت ، ویٹرنری اور دیگر محکمہ جات شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آغاز سے تقریباً 15 دن قبل جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی روایت ہے لیکن اس مرتبہ رمضان المبارک سے تین دن قبل جائزہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں کو حکومت کی ہدایات پر عمل کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ ہر سال پرانے شہر میں تمام محکمہ جات کا مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کی قدیم روایت رہی ہے لیکن بی آر ایس حکومت میں وزیر اقلیتی بہبود کو اجلاس طلب کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔ اب جبکہ جائزہ اجلاس رمضان سے تین دن قبل ہوگا تو ایسے میں تعمیری اور مرمتی کاموں کی تکمیل کیلئے عہدیداروں کو ٹنڈرس طلب کرنے یا پھر کنٹراکٹر کو کام الاٹ کرنے میں دشواری ہوگی۔ رمضان کے آغاز کے بعد بھی سڑکوں کے مرمتی کام جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وزیر اقلیتی بہبود کے اضلاع کے دورے کے باعث اجلاس طلب کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ر