حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران سحر ، افطار اور تراویح کے موقع پر ہر سال کی طرح مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کل 23 اپریل کو مختلف محکمہ جات کا جائزہ اجلاس مقرر کیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ، کمشنر پولیس حیدرآباد اور مینجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس ، ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ ، مینجنگ ڈائرکٹر الیکٹرسٹی کے علاوہ علمائے اکرام کو مدعو کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ریاست کی مساجد میں افطار اور تراویح کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم عہدیداروں کو بہتر سہولتوںکی فراہمی کے سلسلہ میں اجلاس طلب کیا گیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ بلا وقفہ برقی سربراہی اور روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ مساجد کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے اکرام کے ذریعہ مسلمانوں سے اپیل کی جائے گی کہ وہ مساجد کے بجائے گھروں میں افطار اور تراویح کا اہتمام کریں۔ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی کی سربراہی اور روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ دیگر انتظامات کے سلسلہ میں پرانے شہر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس کے فون نمبرات عوام کی سہولت کیلئے جاری کئے جائیں گے۔ مساجد کے علاوہ مسلم آبادی والے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات اور جراثم کش ادویات کے چھڑکاؤ کی ہدایت دی جائے گی ۔
