مکہ مسجد میں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی، کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں
حیدرآباد۔ رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کے موقع پر آج گریٹر حیدرآباد کی مساجد میں فرزندان توحید کے کثیر اجتماعات دیکھے گئے۔ نماز جمعہ سے قبل علمائے کرام، خطیب اور ائمہ کرام نے کورونا کی موجودہ وباء کے پس منظر میں یوم استغفار کے تحت خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ 17 رمضان المبارک کو ’ یوم بدر‘ منایا جاتا ہے اس مناسبت سے مساجد میں قبل نماز جمعہ خصوصی خطابات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کئی مساجد میں نماز جمعہ کے بعد کورونا کے خاتمہ اور انسانیت کی نجات کیلئے رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔ بعض علمائے کرام نے شہدائے بدر اور غزوہ بدر میں شریک صحابہ کرام ؓ کے ناموں کے وسیلہ سے دعاؤں کا اہتمام کیا۔ ریاست میں کورونا کیسوں میں اضافہ کے پس منظر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے اندیشوں کے باوجود نماز جمعہ کے اجتماعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔ سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں کئی ہزار فرزندان توحید نے کوویڈ قواعد کی پابندی میںنماز جمعہ ادا کی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے خطبہ دیا اور امامت کی۔ انہوں نے خطبہ جمعہ میں ساری انسانیت کو کورونا کی وباء سے نجات کیلئے خصوصی دعاء کی۔ مکہ مسجد میں تمام مصلیوں کیلئے ماسک کو لازمی قرار دیا گیا اور صفوں کے درمیان دو افراد میں فاصلہ رکھا جارہا ہے۔ مصلیوں کو جاء نماز ساتھ لانے کی ہدایت دی گئی۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے حوض میں وضو کی اجازت نہیں ہے۔ مکہ مسجد کے اطراف پولیس نے معقول انتظامات کئے تھے۔ مکہ مسجد میں حکومت کی جانب سے جمعہ کے موقع پر یوم القرآن کے جلسوں کی اجازت کو پہلے ہی منسوخ کیا جاچکا ہے جس کے نتیجہ میں علمائے کرام اور قائدین نے آن لائن خطاب کیا۔ برقی کی بلا وقفہ سربراہی اور مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے بہتر انتظامات دیکھے گئے۔ نماز جمعہ کے ساتھ ہی چارمینار کے اطراف واکناف کے علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ آئندہ جمعہ جمعۃ الوداع رہے گا۔ شہر کی مساجد میں دوسرے دہے کے تحت تراویح کے اہتمام کا سلسلہ جاری ہے۔ مکہ مسجد کے بشمول کئی مساجد میں روزانہ 3 پاروں کا نظم کیا گیا ہے۔ شاہی مسجد باغ عامہ کے علاوہ مہدی پٹنم، ٹولی چوکی، سکندرآباد اور دیگر علاقوں میں بھی جمعہ کے موقع پر کثیر اجتماعات دیکھے گئے۔