رمضان المبارک کے دوران معتمرین کیلئےمفت بس سرویس دستیاب

   

ریاض : کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ کے صدر اسامہ سمکری نے وضاحت کی کہ سنڈیکیٹ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان معتمرین کو لے جانے کیلئے 800 بسوں کی سرویس بحال کردی ہے۔ اعلیٰ تکنیکی خصوصیات کی حامل یہ بسیں انتہائی آرام دہ اور محفوظ ہیں۔ میڈیاکو ایک خصوصی بیان میں سمکری نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں آٹوموبائل کی جنرل سنڈیکیٹ کی طرف سے معتمرین کو نقل و حمل کی ممتاز خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ ان بسوں کے ذریعہ معتمرین کو بیرونی پارکنگ اور ہوٹلوں کے درمیان منتقل کیا جاتا ہے۔رہائشی منزلوں کو مسجد حرام کے قریبی اسٹیشنوں تک جوڑنے کیلئے زیادہ نشستوں کی گنجائش والی 3000 ہزار بسیں چلائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام حکومتی، سکیورٹی اور خدمات کے اداروں کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی معتمرین اور نمازیوں کو مسجد حرام اور ان کی رہائش گاہوں کے درمیان لے جانے کے آپریشن کو منظم کرتی ہے۔اسامہ سمکری نے کہا کہ ’’کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ‘‘ نے عمرہ زائرین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے گرینڈ مسجد تک لے جانے کیلئے سرویس فراہم کرنے میں پہل کی ہے۔ اسامہ سمکری نے یہ نشاندہی بھی کی کہ یہ سرویس مفت ہے۔ ضیوف الرحمن کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اس سرویس کو بہت سے سرکاری اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی سرویس ہے کیونکہ یہ سرویس طیارہ سے لیکر مکہ مکرمہ میں مسجد حرام تک پہنچانے کا کام کرتی ہے۔ یہ سرویس ’’نسک‘‘ یا ’’توکلنا‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعہ عمرہ ریزرو کرنے والوں اور سعودی عرب کے باہر سے عمرہ ویزہ کے بغیر آنے والوں کیلئے دستیاب ہے۔