ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت نے رمضان المبارک کے دوران 6500 نمازیوں کو طبی خدمات فراہم کی ہیں۔ یہ طبی خدمات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فراہم کی گئی ہیں۔ جس سے عمرہ زائرین بھی مستفید ہوئے۔یہ بات وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے 25 دنوں میں مساجد میں آنے والے افراد کو صحت کے شعبے میں رہنمائی و طبی خدمات کا یہ سلسلہ رمضان المبارک کے آخری ایام تک جاری رہے گا۔سعودی خبر رساں ادارے ‘ایس پی اے’ کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود عمرہ زائرین اور نمازیوں کی صحت کے شعبے کے تحت دیکھ بھال وزارت صحت کی عمرہ زائرین کی بہبود و حفاظت کے لیے عزم کا حصہ ہے۔سعودی وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے رمضان المبارک کے دوران مکہ و مدینہ کے 52000 وزٹ کیے ہیں اور 10000 نمازیوں کو ابتدائی طبی امداد کی سہولت فراہم کی ہے۔ جبکہ 3000 افراد کے ڈائیلیسز ، 400 کی تعداد میں مختلف سرجریز اور 150 عمرہ زائرین و نمازیوں کی کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کی گئی ہے۔دوسری جانب سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 46000 سے زائد ایمرجنسی کیسز میں خدمات فرام کیہ ہیں۔ نیز پیرامیڈیکس نے اوسطاً 5 منٹ اور 48 سیکنڈز میں 31000 کالز پر جواب دیا ہے۔جبکہ 15000 کالز کا جواب اوسطاً 5 منٹ اور 26 سیکنڈز میں دیا گیا۔ اس سہولت کا اہتمام رمضان المبارک کے دوران حرمین شریفین کے لیے بطور خاص کیا گیا ہے۔