سری نگر : ماہ مبارک رمضان کے پہلے جمعہکے موقع پر وادی کشمیر کے تمام جامع مساجد، درگاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے انتہائی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ۔سب سے بڑے اجتماعات تاریخی جامع مسجد سری نگر اور درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ باجماعت ادا کی۔تاریخی جامع مسجد نوہٹہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر گلی کوچوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نگرانی کی جارہی تھی۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے جمعے کے موقعے پر وادی کشمیر کے اطراف واکناف میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ، سب سے بڑی تقریب تاریخی جامع مسجد نوہٹہ سری نگر اور درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں لوگوں کی بھاری تعداد نے نماز جمعے میں شرکت کی جس میں مرد و زن ، بچے اور بوڑھے شامل تھے ۔اس موقع پر وادی کشمیر میں امن و امان کی خاطر خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام ہوا۔