مدینہ منورہ۔ 9 فروری (ایجنسیز) رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مدینہ منورہ ﷺ میں صحت کے نظام کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے سعودی عرب کے وزیرِ صحت فہد عبدالرحمن الجلاجِل نے مختلف اسپتالوں اور طبی مراکزکا دورہ کیا۔ رمضان کا مقدس مہینہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں شروع ہونے والا ہے، جس کے پیش نظر زائرین اور مقامی آبادی کے لیے طبی سہولیات کی دستیابی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ وزیرِ صحت نے ریجنل حج و عمرہ کوآرڈینیشن کمیٹی سے ملاقات کی اور مدینہ منورہ ﷺکے اہم اسپتالوں اور پرائمری ہیلتھ کیئر مراکز کا معائنہ کیا تاکہ رمضان المبارک کے دوران آنے والے لاکھوں زائرین اور رہائشیوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ دورے کے دوران فہد الجلاجِل نے کریٹیکل کیئر سروسز، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس اور آپریشنل سپورٹ سہولیات میں کی گئی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا، جو رمضان کے ہجوم کے دوران مریضوں کے دباؤ کو سنبھالنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی معائنہ کیا، جن میں آپریشن تھیٹروں کی بہتری، آؤٹ پیشنٹ کلینکس کی توسیع اور بحالی، نوزائیدہ بچوں و نرسری سروسز میں بہتری شامل ہے، تاکہ رمضان المبارک کے دوران صحت کی تمام ضروریات مؤثر انداز میں پوری کی جا سکیں۔ مدینہ منورہ ﷺکا صحت کا نظام اس وقت تقریباً 200 طبی سہولیات پر مشتمل ہے، جو 21 لاکھ سے زائد رہائشیوں کے ساتھ ساتھ رمضان میں آنے والے زائرین کو بھی خدمات فراہم کرتا ہے۔ وزارتِ صحت کے مطابق یہ دورے رمضان المبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری معائنے کا حصہ ہیں، جن کا مقصد طبی اداروں میں مکمل تیاری، مریضوں کی حفاظت، علاج کے اعلیٰ معیار اور موثر خدمات کو یقینی بنانا ہے۔