نماز جمعہ پر علماء و مفتیان کے مشورہ پر امت مسلمہ کے لبیک پر اظہار تشکر ، محمد فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد۔27مارچ(سیا ست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران غرباء کی مدداور اپنے محلہ میں موجود مستحق افراد کی مدد کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے انہیں اشیائے ضروریہ پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ انہیںراحت حاصل ہو۔ جناب فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ نے علمائے اکرام اور مفتیان اکرام سے اپیل کہ وہ اس سلسلہ میں بھی فوری اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ ماہ رمضان المبار ک کے دوران جو لوگ زکواۃ کے ذریعہ غرباء کی مدد کرتے ہیں انہیں قبل از وقت مدد حاصل ہوجائے۔ جناب محمد فاروق حسین نے علمائے اکرام کی جانب سے کورونا وائرس کی حساسیت کو محسوس کرتے ہوئے نماز جمعہ کے سلسلہ میں جو ہدایات جاری کی گئی ہیں اس پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام نے علمائے اکرام اور مفتیان اکرام کی ہدایات پر جمعہ کے دن عمل کو یقینی بناتے ہوئے یہ ثابت کیا ہے کہ علمائے اکرام کا احترام اور ان کی ہدایات پرامت مسلمہ ہمیشہ لبیک کہتی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیرفینانس کی جانب سے کئے جانے والے اعلانات کے پیش نظر اس بات امکان کا اظہار کیا کہ صورتحال کو قابو میںآنے کے لئے مزید وقت درکار ہوسکتا ہے اسی لئے مسلمانوں کو اس سلسلہ میں متحرک ہوتے ہوئے غرباء پروری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ وہ جلد ہی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے مسلم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی پیاکیج اور حکومت کی جانب سے اگر ان حالات میں وسعت دی جاتی ہے توخصوصی راحت رسانی کے اقدامات کے سلسلہ میں تجاویز تیار کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کی جائیں گی۔ ٹی آر ایس ایم ایل سی نے مزید نے بتایا کہ وہ حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کریں گے لیکن بحیثیت قوم ہماری بھی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم قبل از وقت ان حالات سے مقابلہ کے لئے تیار رہیں۔ انہو ں نے علمائے اکرام و مفتیان اکرام سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران زکواۃ ادا کرنے والوں سے اپیل کریں کہ وہ قبل از وقت غرباء کی مدد کیلئے آگے آئیں اور اپنی زکواۃ کی رقم اس مصیبت کے وقت ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی ومرکزی حکومتوں کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کو عوام کے ہر طبقہ کی تائید حاصل ہورہی ہے کیونکہ یہ حالات اعتراض اورتنقید کا نہیں ہے بلکہ ان ہنگامی حالات میں ہمیں اپنے آس پاس موجود غریب عوام کی مدد کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے ۔جناب محمد فاروق حسین نے کہا کہ اس سلسلہ میں محلہ کے با اثر افراد کو بھی آگے آتے ہوئے حکمت عملی و منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔