صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مساعی ، لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ڈائریکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار میں سائرن کے استعمال اور پنچوقتہ نمازوں کیلئے اذان کی اجازت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع سے شکایات موصول ہورہی ہیں کہ پولیس، مساجد میں اذان اور سائرن کے استعمال سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں روزے کے آغاز اور افطار کے لئے وقت مقرر ہے اور سائرن کے ذریعہ روزہ داروں کو اس کی اطلاع دی جاتی ہے۔ حیدرآباد اور تلنگانہ اضلاع کے اضلاع میں سائرن کے استعمال کی روایت کئی دہوں سے ہے۔ جس وقت سائرن نہیں تھے، اس وقت فوج کی جانب سے توپ چلائی جاتی تھی۔ سائرن اور اذان سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا کوئی خطرہ نہیں ہے، لہذا پولیس عہدیداروں کو مساجد کمیٹیوں اور دباؤ بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مساجد میں نماز کے موقع پر چار تا پانچ افراد کی موجودگی کی اجازت ہے، پولیس کو چاہئے کہ وہ ان شرائط پر عمل کرتے ہوئے روزہ داروں اور مصلیوں کو ہراساں نہ کریں۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے محمد سلیم کو تیقن دیا کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع کو ہدایت دی جاچکی ہے اور کہیں بھی اذان اور سائرن کے بارے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، رمضان کے دوران لاک ڈاؤن پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ محمد سلیم نے ائمہ اور موذنین کو پاسیس جاری کرنے کا مشورہ دیا تاکہ وہ کسی رکاوٹ کے بغیر مساجد پہنچ سکیں۔ مقامی پولیس کے ائمہ و مؤذنین سے ناواقفیت کے نتیجہ میں بسااوقات ہراسانی اور مارپیٹ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ہدایت جاری کرنے کا تیقن دیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے ساتھ رمضان المبارک کے خشوع و خضوع سے انعقاد کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبادتوں میں پولیس کی جانب سے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی بشرطیکہ مسلمان لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں نمازوں کا اہتمام کریں۔
