بنگلورو : 2 فروری:(ایجنسیز)کرناٹک حکومت نے ماہ رمضان کے پیش نظر ریاست بھر کے اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تبدیلی اردو میڈیم اسکولوں پر لاگو ہوگی۔ ریاست کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے پیر کو واضح کیا کہ اس فیصلے کو اقلیتوں کی خوشنودی قرار دینا درست نہیں ہے۔حکومت کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق یہ حکم تمام سرکاری، امداد یافتہ اور غیر امدادی اردو میڈیم اسکولوں پر نافذ ہوگا۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ احکامات اور کرناٹک اسٹیٹ پرائمری اسکول ایجوکیشن ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔30 جنوری کو جاری سرکلر، جو پیر کو عام کیا گیا، میں بتایا گیا کہ 31 اکتوبر 2002 کے اسٹینڈنگ آرڈر کے تحت اردو میڈیم اسکولوں کو صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بج کر 45 منٹ تک کلاسیں چلانے کی اجازت تھی۔ حکومت نے اس پر نظر ثانی کرتے ہوئے نئے حالات کے مطابق قدم اٹھایا ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے 8 مارچ 2023 کے حکم نامے کا بھی حوالہ دیا، جس کے تحت تعلیمی سال 2023-24کے لیے اسکولوں کے باقاعدہ اوقات صبح 10 بجے سے شام 4 بج کر 20 منٹ تک مقرر کیے گئے تھے۔