حیدرآباد، 15 مارچ:(راست) ماہِ رمضان کے دوران ہمدردی اور سخاوت کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے اسماعیلی سیوک ( Ismaili CIVIC) نے دو روزہ غذائی خدمت مہم کے تحت 14 مارچ (ہفتہ) اور 15 مارچ (اتوار) کو حیدرآباد، سکندرآباد اور چینائی میں ضرورت مندوں میں 1400 تازہ تیار کردہ کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے۔ یہ مہم چار مقامات پر منعقد کی گئی جن میں ہوم فار دی ڈِسیبلڈ (جیرا)، دیونار اسکول فار بلائنڈ (بیگم پیٹ)، نیلوفر ہاسپٹل (نامپلی) اور سری چندرشیکھر کرپا اولڈ ایج ہوم شامل ہیں۔ یہ پہل 2022 میں حیدرآباد سے شروع ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اسماعیلی سیوک کے رضاکار ملک کے مختلف حصوں میں مختلف مواقع پر غذائی خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔ اس سے قبل مغربی بنگال میں درگا پوجا کے موقع پر بھی رضاکاروں نے 10 ہزار سے زائد عقیدت مندوں کو کھانا فراہم کیا تھا۔یہ پروگرام اسماعیلی سیوک کی جانب سے، جو اسماعیلی مسلم کمیونٹی کی ایک سماجی خدمت پہل ہے، آغا خان سوشل ویلفیئر بورڈ اور دی یونائیٹڈ بیکرز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ (UBCL) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جبکہ چینائی میں یہ سرگرمی سری پورنامہامرو ٹرسٹ کے تعاون سے انجام دی گئی۔کھانے کے پیکٹس کے لیے تازہ پلاؤ اسماعیلی برادری کی خواتین نے تیار کیا۔امین لادھا، صدر اسماعیلی کونسل برائے جنوبی ہند، نے کہا کہ کھانا تیار کرنے والی بہت سی خواتین پہلے امداد حاصل کرنے والوں میں شامل تھیں، مگر اب وہ معاشی طور پر خود مختار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی صلاحیتوں کو دوسروں کی خدمت کے لیے استعمال کر رہی ہیں جو اس بات کی عمدہ مثال ہے کہ کس طرح ایک کمیونٹی خود کو مضبوط بنا کر دیگر ضرورت مند کمیونٹیز کی مدد کر سکتی ہے۔اقبال منڈانی، صدر اسماعیلی کونسل برائے سکندرآباد، نے بتایا کہ اسماعیلی سیوک سال بھر مختلف سماجی سرگرمیاں منعقد کرتی ہے جن میں صحت کیمپ، خون کے عطیات کی مہم اور شجرکاری پروگرام شامل ہیں۔ شمیر ملانی، صدر اسماعیلی کونسل برائے حیدرآباد، نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں کمزور اور ضرورت مند افراد کو یاد رکھنے اور ان کے لیے ہمدردی اور سخاوت کا عملی مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ اسماعیلی سیوک ایک عالمی پہل ہے جو اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے رضاکاروں کو سماجی خدمت کے لیے متحد کرتی ہے۔ اس کا مقصد صحت، تعلیم، ماحولیات اور سماجی ترقی کے میدانوں میں خدمات انجام دیتے ہوئے معاشرے کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ 2020 میں آغاز کے بعد سے اب تک 40 ممالک میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد رضاکار مختلف سماجی سرگرمیوں کے ذریعے 5 لاکھ گھنٹوں سے زیادہ خدمت انجام دے چکے ہیں۔