ورنگل /23 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیا شاردا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے پر امن ماحول میں انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ کلکٹریٹ کانفرنس ہال ورنگل میں کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردا نے اڈیشنل کلکٹر سندھیہ رانی اور ڈی سی پی رویندر کے ساتھ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر رمیش کی صدارت میں 2 مارچ سے ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر متعلقہ ضلعی اعلی عہدیداروں ، مذہبی رہنمائوں کے ساتھ رمضان کے بہتر انتظامات سے متعلق کو آرڈینشین اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مساجد اور عیدگاہوں کو تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور مکمل روشنی اور صاف صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مساجد اور عیدگاہوں کے صاف صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں قائم کی جائیں ۔ اسٹریٹ لائٹس کی مرمتی کاموں کو انجام دیا جائے ۔ عارضی لائٹس کا بھی انتظام کیا جائے اور سڑکوں کے مرمتی کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے ۔ محکمہ پولیس ، محکمہ بلدیہ ، محکمہ برقی ، محکمہ پنچایت راج اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ ٹریفک کنٹرول ، بلا تعطل بجلی کی فراہمی جیسے انتظامات جلد کئے جائیں۔ اس موقع پر مسلم قائدین نے مختلف انتظامات سے متعلق کلکٹرکے علم میں لایا ۔ اس اجلاس میں زیڈ پی سی ای او رام ریڈی ، آر ڈی اوز ستیا پال ریڈی ،رما دیوی ،، متعلقہ عہدیدار ، مسلم قائدین اور دیگر موجود تھے۔