کلکٹریٹ وقارآباد میں کنٹرول روم کا قیام ، عہدیداروں و مسلم رہنماؤں کا اجلاس
تانڈور۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع وقارآباد کلکٹریٹ میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر عہدیداروں اور مْسلم رہنماؤں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل کلکٹر ایس راجیشوری نے اجلاس کے ایجنڈے سے واقف کروایا اور رمضان المبارک کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے عہدیداروں و حکومتی ہدایات سے روشناس کروایا ۔ مْسلم رہنماؤں کے مشورے لئے گئے اور رمضان میں ضلعی سطح پر پیش آنے والے مسائل کی سماعت کی گئی۔ پولیس عملہ کو سکیورٹی ، ٹریفک ، اور دوکانات رات دیر تک کھلا رکھنے کی اجازت کی ہدایت دی گئی۔ میونسپل عملہ کو صفائی ، پینے کے پانی کی سربراہی کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر کو گرم پنچایت میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کو بغیر کسی خلل کے برقی سربراہی کی ہدایت دی گئی اور خْصوصی ایام جیسے شبِ قدر ، الوداع جمعہ ، اور عید الفطر کے دن کرنٹ کے کھمبوں پر زائد روشنی نصب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سیول سپلائی ڈپارٹمنٹ کو پکوان گیس ، راشن کو وافر مقدار میں سپلائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرک میڈیکل ہیلتھ آفیسر کو ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کرنے اور روزے داروں کو ORS کی سربراہی اور ایمبولینس 108 کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ ایڈیشنل کلکٹر ایس راجیشواری نے تمام عہدیداروں سے اپیل کی کے رمضان المبارک اور عید الفطر کے تناظر میں ضلع وقارآباد میں بہتر انتظامات کیے جائیں تاکہ مْسلم عوام کو سہولیات فراہم ہوسکیں اور مْسلم عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا جس کیلئے 9912740115 پر آفس کے اوقات میں رابطہ کیا جاسکتا ہے۔