رمضان میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

   

عادل آباد میں عہدیداروں کے ساتھ ضلع کلکٹرکا جائزہ اجلاس، تجاویز پر عمل کی خواہش
عادل آباد۔/22 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں حکومت کی جانب سے روزہ داروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی خاطر مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں 19 فروری کو ایک اجلاس سرکاری عہدیداروں اور مساجد کمیٹی صدور ، مقامی مسلم رہنما کے درمیان منعقد ہوا تھا۔ جس میں عادل آباد ضلع کلکٹر اور دیگر ذمہ دار عہدیداروں کی عدم شرکت پر اجلاس میں موجود نمائندوں نے اپنے جو ردعمل کا اظہار کیا تھا جس کی خبر 20 فروری کے روز نامہ سیاست میں شائع ہوئی تھی جس کے پیش نظر عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راج رشی شاہ نے حرکت میں آتے ہوئے 21 فروری کو ویڈیو کانفرنس ہال میں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اورآئندہ ماہ شروع ہونے والے رمضان المبارک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں کو بناء کسی کوتاہی کے اپنی ذمہ داری انجام دینے کی ہدایت دی۔ عیدگاہ میدان ، مساجد کے اطراف اسٹریٹ لائٹس، پینے کا پانی کی سربراہی، بغیر کسی وقفہ کے برقی سربرہی کو یقینی بنانے اور سرکاری دفاتر میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو شام 4 بجے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی جبکہ محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کو رمضان المبارک کے مہینہ میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے کیلئے پابند کیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر شیاملا دیوی، سب کلکٹر مسٹر یوراج، آر ڈی او مسٹر ونود کمار، ڈی ایم ڈبلیو مسٹر راج لنگو، میونسپل کمشنر مسٹر راجو، محکمہ برقی ایس ای مسٹر چوہان، ڈی ایس پی مسٹر جیون ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ قبل از 19 تاریخ کو منعقدہ اجلاس جو آر ڈی او کی صدارت میں منعقد ہوا تھا جس میں جو تجاویز پیش کی گئی تھیں اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تصور کیا جاتا ہے کہ روز نامہ ’سیاست‘ میں شائع خبر کاا ضلع کلکٹر نے سنجیدگی سے نوٹ لیتے ہوئے دوسرے ہی دن عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا۔