رمضان میں پولنگ 6 مئی سے قبل مکمل کی جائے : شمائل نبی

   

نئی دہلی۔ 12 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سابق وزیر شمائل نبی نے الیکشن کمیشن سے مئی میں لوک سبھا انتخابات کی تین مرحلوں کی پولنگ کی تاریخوں پر نظر ثانی کی اپیل کیساتھ کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ایک ماہی عبادتی یکسوئی کا پاس رکھا جانا چاہئے تھا۔آل انڈیا مسلم کانفرنس کے قومی صدر نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ رمضان میں پولنگ سے کوئی خلل نہیں پڑے گا محض ایک سنجیدہ اعتراض سے صرفِ نظر کرنا ہے کیونکہ اس دوران انتخابی مہم اور پولنگ کی دیگر تیاریاں پورے ماحول پر محیط رہیں گی اور عابدین کو ذہنی یکسوئی سے ایک دینی فریضہ انجام دینے میں خلل کا سامنا رہے گا ۔ الیکشن کمیشن سے ایک عرضداشت کے ذریعہ انہوں نے کہا ہے کہ مئی کے مہینے میں 6 مئی کے بعد کی پولنگ6 مئی سے پہلے کرانے کا نظم کیا جائے تاکہ مسلم ووٹر حق رائے دہی بہتر طور پر ادا کر سکیں۔