ظہیرآباد میں جلسہ استقبال رمضان سے جناب حامد محمد خاں اور دیگر کا خطاب
ظہیر آباد۔ 10 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )رمضان نیکیوں کا موسم بہار اور رحمتوں کی سوغات کا مہینہ ہے جو عنقریب ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے جس کا ہمیں خوش دلی سے استقبال کرنا ہے رمضان بابرکت مہینہ ہے اس کی عظمت اور برکت بلاشبہ عظیم ہے یہ مہینہ ایمان کی حرارت کوجگانے والا اور ہر لمحہ نیکیوں کا سرچشمہ ہے اس مہینہ میں خیرات و زکات کے چشمے پھوٹتے ہیں قرب الہی کا مہینہ ہے خلق خدا کے ساتھ خیر خواہی و غمخواری کا مہینہ ہے خدا کے آگے آہ وزاری کا مہینہ ہے ان خیالات کا اظہار مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے جماعت اسلامی ہند ظہیرآبادشعبہ اسلامی معاشرہ کے زیر اہتمام کل شام اسلامک سنٹر ظہیر آباد میں جلسہ ’’استقبال ماہ رمضان ‘‘ سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ مسلمان اس کی قدر کریں مسلمان حقیقی مسلمان بنیں پابندی کے ساتھ روزے رکھیں بلا عذر روزہ نہ چھوڑیں روزہ خور نہ بنے روزے تقوے کی صفت پیدا کرتے ہیں روزے کا بدلہ اللہ ہمیں اپنے ذمہ لیا ہے ۔ اسی مہینے میں قرآن کا نزول ہوا جو ہدایت کا سرچشمہ ہے یہ قرآن کا مہینہ ہے اس کو سننے سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں قرآن سے مضبوط رشتہ جوڑیں راتوں کو اٹھیں ذکرو اذکار کریں خلق کے کام انجام دیں شب قدر کا اہتمام کریں اعتکاف بیٹھیں دعوہ الی القرآن انجام دیں، برادران وطن میں دعوت دین کا پیغام پہنچائیں دلوں کو نرم آنکھوں کو نم کرتے ہوئے ماہ صیام سے بھر پور استفادہ حاصل کریں۔ رمضان سے پہلے پہلے خرید و فروخت کر لیں رمضان میں اپنے اوقات کو برباد نہ کریں اور دعا کی کہ رمضان کی برکتیں سعادتیں اور سوغاتیں سب کو حاصل ہو ں اور انہوں نے تلقین کی کہ موقع کو غنیمت جانیں اس جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک کا آغاز مفتی قاسم اطہر قاسمی کی تذکیر بالقران سے ہوا مولانا نے سورہ فاتحہ اور سورہ بقرہ کی آیتوں کا خلاصہ پیش کیا، مولانا امجد حسین پٹیل ناظم ضلع سنگاریڈی نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے رمضان المبارک اور قرآن کی اہمیت بتلائی، جناب محمد ناظم الدین غوری امیر مقامی جماعت اسلامی ظہیر آباد نے اظہار تشکر پیش کیا جبکہ محمد معین الدین نے معاون امیر مقامی نے نظامت کی اس موقع پر معززین شہر اور نو جوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔