حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے چانسلر فیروز بخت احمد نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کی تکمیل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز پیش کی ہے۔ فیروز بخت احمد نے اپنے مکتوب میں کہاکہ 24 مئی تک لاک ڈاؤن کو برخاست نہیں کیا جانا چاہئے۔ اس دن رمضان المبارک کا اختتام ہوگا۔ ایسے وقت جبکہ ہندوستان میں کورونا کا خطرہ برقرار ہے اگر 3 مئی کو لاک ڈاؤن ختم کیا گیا تو پرجوش مسلمان مارکٹس میں جمع ہونے لگیں گے۔ افطار پارٹیوں کا اہتمام ہوگا اور نمازوں کے بڑے اجتماعات ہوں گے جس کے سبب کورونا کلسٹرس تیار ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلم کمیونٹی، قوم اور انسانیت کے مفاد میں ہے کہ لاک ڈاؤن رمضان تمام جاری رہے۔ اُنھوں نے کورنٹائن میں موجود افراد کی جانب سے ڈاکٹرس، نرسیس، ہیلت ورکرس، پولیس اور صفائی کرمچاریوں پر حملوں کے لئے معذرت خواہی کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے واقعات کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ فیروز بخت احمد مسلمانوں سے متعلق اِس طرح کے بیانات کے ذریعہ ہمیشہ تنازعات میں گرفتار رہے۔