رمضان کے ہر لمحہ کی قدردانی کی تلقین ، بازاروں میں وقت ضائع نہ کریں

   

عید کی خریداری رمضان سے قبل کرنے کا مشورہ ، نماز کی پابندی پر زور ، سنگاریڈی میں مسجد کا افتتاح ، علماء کا خطاب
سنگاریڈی ۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگار یڈی کی امامت میں نماز مغرب کی ادائیگی کے ساتھ ہی جدید تعمیر کردہ مسجد سدرہ،رحمان چوک، شانتی نگر، سنگا ریڈی کا افتتاح عمل میں آیا قبل ازیں مولانا محمد سلیمان صوفی امیر تبلیغی جماعت متحدہ ضلع میدک کی زیر سرپرستی منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے کہا کہ اللہ تبارک تعالی کے یہاں مساجد سب سے پسندیدہ و محبوب جگہ ہیں جبکہ بازار نا پسندیدہ مقامات ہیں لیکن فی زمانہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ لوگوںکی دلچسپی بازاروں میں زیادہ ہوگئی ہے اور مساجد میں کم حالانکہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو ہر مسئلے میں مسجد سے جوڑا تھا مساجد کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ تعالی اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں اس لئے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ مساجد کی تعمیر اور ان کی آباد کرنے کی فکر کریں مساجد کو آباد کرنے کی فکر یہ ہے کہ ہر بالغ مرد مساجد پہنچ کر نماز پنجگانہ، ذکر و اذکار ، تلاوت اور اعتکاف کے اہتمام کے علاوہ چھوٹے بچوں کیلئے صبح و شام مکتب کی تعلیم کا اہتمام کریں انہوں نے کہا کہ جو لوگ مساجد کی تعمیر میں حصہ لیتے ہیں اللہ تبارک تعالیٰ انہیں اپنی شان کے مطابق جنت میں سونے اور چاندی کی اینٹوں کا تعمیر کردہ موتیوں کا محل عطا کرتے ہیں دور نبوی ﷺمیں مساجد کچی ہوا کرتی تھیی لیکن نمازی پکے ہوا کرتے تھے آج مساجد عالیشان ، فلک بوس اور تمام تر سہولتوں سے آراستہ ہونے کے باوجود ماہ رمضان کے علاوہ مساجد نمازیوں سے خالی نظر آرہی ہیں لہذا ہر مسلمان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے محلہ جات کی مساجد کو آباد رکھنے کی سعی کریں مولانا محمد حشمت علی حسامی ناظم مدرسہ پٹن چرو نے کہا کہ مساجد میں نمازوں کا اہتمام کرنے والوں کا اللہ تبارک تعالی 5 طرح سے ا کرام کرتے ہیں رحمت خداوندی عطا ہوتی ہے ہر طرح کی راحت حاصل ہوتی ہے اپنی خاص رضا و خوشنودی سے نوازتے ہیں پل صراط کا راستہ آسان کر دیتے ہیں اور اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے جنت میں داخل کریں گے مولانا آحمد عبید الرحمن اطہر ندوی ناظم مدرسہ امدادالعلوم ٹین پوش حیدرآباد نیاپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مساجد تو بکثرت تعمیر ہو رہی ہیں لیکن نمازی نہیں بن رہے ہے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ نماز کے فرائض و واجبات اور مستحبات کو سیکھ کر خشوع و خضوع کے ساتھ اپنی نماز کو ادا کرنے کی محنت کریں حدیث شریف میں ہے کہ عبادت ایسی کرو کہ تم اللہ تعالی کو دیکھ رہے ہو اگر یہ نہ ہو سکے تو کم از کم یہ کیفیت تو ضرور پیدا ہونا چاہیے کہ اللہ تعالی اس وقت ہم کو دیکھ رہا ہے اسی کیفیت و مرتبہ کا نام احسان و تصوف ہے جو کہ صالحین کی صحبتوں سے حاصل ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کا استقبال یہ ہے کہ اس کے ہر لمحے کی قدر کی جائے اور بکثرت عبادات کی جائیں رمضان کے ایک لمحے کو بھی بازاروں، دوکانات،لایعنی گفتگو اورخرافاتی پروگرامس میں ضائع نہ کریں اگر عید کی خریداری کرنا ہو تو رمضان کے آغاز سے قبل ہی خرید کر فارغ و یکسو ہو جائیں اور ماہ رمضان میں عبادتوں کے ذریعے اللہ تعالی کو راضی کرنے کی بھرپور کوشش کریں بعد ازاں ” مسجد سدرہ ” کی تعمیر جدید میں حصہ لینے والے صدر انتظامی کمیٹی جناب محمد شریف اور فرزندان کی گلپوشی عمل میں آئی ۔