رمی کھیلنے والے وزیر کا قلمدان تبدیل

   

ممبئی، یکم اگست (یو این آئی) مہاراشٹر حکومت نے رات گئے اہم کابینی تبدیلی کرتے ہوئے این سی پی کے رکن اسمبلی مانیک راؤ کوکاٹے سے وزارت زراعت کا قلمدان واپس لے کر انہیں کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے شعبے میں منتقل کر دیا ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جمعرات کی شب جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کوکاٹے کو اقلیتی ترقی اور اوقاف کے محکموں کا بھی انچارج بنایا گیا ہے ۔ موجودہ وزیر کھیل دتاترے بھرنے کو نیا وزیر زراعت مقرر کیا گیا ہے۔ بھرنے پونے ضلع کے انداپور حلقے سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اجیت پوار کی زیرقیادت این سی پی کے سینئر رکن ہیں۔ دوسری جانب، کوکاٹے ناسک ضلع کے سنار سے ایم ایل اے ہیں اور ان کی ایک ویڈیو قانون ساز کونسل کے مانسون اجلاس کے دوران وائرل ہوئی، جس میں وہ اپنے موبائل فون پر آن لائن رمی کھیلتے ہوئے نظر آئے ۔
یہ ویڈیو این سی پی (ایس پی) کے روہت پوار اور جتیندر اوہاد نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ کوکاٹے کچھ عرصہ قبل ایک اور تنازع میں بھی ملوث ہوئے تھے ، جب انہوں نے کسانوں کو بھکاریوں کے برابر قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے دھننجے منڈے کو بھی استعفیٰ دینا پڑا تھا جب ان کے قریبی ساتھی کو سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔