رنبیر کپور کے ساتھ وانگا کی بڑی تیاریاں جاری

   

ممبئی 4 فروری (ایجنسیز) رنبیرکپور کے مداح ان کی آنے والی فلموں کا بے صبری سے انتظارکر رہے ہیں، کیونکہ اداکار 2026 میں دو بڑی فلموں کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کرنے والے ہیں۔ ان میں پہلی سنجے لیلا بھنسالی کی فلم محبت اورجنگ ہے، جس پر اس وقت کام جاری ہے، جبکہ دوسری میگا بجٹ فلم رامائن ہے، جس کا پہلا حصہ دیوالی 2026 پر ریلیزکیا جائے گا اور اس کا سیکوئل2027 میں پیش کیا جائے گا۔ تاہم جس فلم نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کر رکھی ہے وہ رنبیرکپور کی بلاک بسٹر فلم اینیمل کا دوسرا حصہ اینیمل پارک ہے۔ 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم اینیمل نے دنیا بھر میں915کروڑ روپے سے زائد کمائی کی تھی اور رنبیرکپور کے کیریئر کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہوئی۔ فلم میں رنبیرکپور اور بابی دیول کے درمیان شدید تصادم کو شائقین نے بے حد پسند کیا تھا، اگرچہ بابی دیول کا پردے پر وقت بہت محدود تھا۔ اب تازہ رپورٹس کے مطابق اینیمل پارک میں بابی دیول نظر نہیں آئیں گے، کیونکہ فلم کے دوسرے حصے میں ایک نیا ویلن متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا اس کہانی کو تین حصوں میں پیش کرنے پر غورکر رہے ہیں، جس کے تحت ہر فلم میں نیا مخالف کردار ہوگا اور اس کی کہانی اسی فلم میں مکمل ہو جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق اینیمل پارک اس وقت کہانی کے مرحلے میں ہے اور فلم پر باقاعدہ کام 2027 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ تاخیر کی ایک وجہ سندیپ ریڈی وانگا کی دیگر مصروفیات بھی بتائی جا رہی ہیں۔فی الحال سب کچھ اینیمل پارک کی حتمی اسکرپٹ پر منحصر ہے، تاہم اگر منصوبہ آگے بڑھتا ہے تو تیسرے حصے میں رنبیرکپور ایک طاقتور اور مکمل ہیروکے طور پر سامنے آ سکتے ہیں، جس سے یہ فرنچائز بالی ووڈ کی بڑی سیریز میں شامل ہو سکتی ہے۔