دہرادون: اتراکھنڈ میں کانگریس کی کراری شکست کے باوجود سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ہریش راوت کی بیان بازی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور پارٹی کے ریاستی کارگذار صدر رنجیت راوت کی جانب سے پیسے لے کر ٹکٹ بانٹنے کے الزامات کے بعد اب ہریش راوت نے ہائی کمان سے خود کو برطرف کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ رنجیت راوت کے الزامات پرمسٹر ہریش راوت نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا، ‘عہدہ اور پارٹی ٹکٹ بیچنے کا الزام بہت سنگین ہے ۔ یہ الزام ایسے شخص پر لگا ہے جو وزیر اعلیٰ رہا، ریاستی صدر رہا۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا رکن بھی ہے ۔ لہذا کانگریس پارٹی کو مجھ پر لگے الزامات کی وجہ سے مجھے برطرف کر دینا چاہیے ۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کو رنجیت راوت نے سابق وزیر اعلیٰ پر بڑا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے الیکشن میں ٹکٹ کی تقسیم کے نام پر بڑی رقم اکٹھی کی ہے۔
ٹکٹ نہ ملنے پر کچھ لوگوں کے پیسے واپس کر دیے گئے ، جبکہ باقی ہردا ( ہریش راوت) کے منیجروں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔اب ہردا نے بھی فیس بک پوسٹ کے ذریعے اس کا جواب دیا ہے ۔ انہوں نے کہا،‘مجھ پر الزام لگانے والا خود کانگریس کے ایک اعلیٰ عہدے پر ہے ۔ اس لیے میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ پارٹی مجھے اس الزام کی وجہ سے نکال دے ’۔ ہردا نے یہاں تک کہا کہ پارٹی کو اس ہولیکا میں ہریش راوت جیسی برائی کو جلا دینا چاہیے ’۔
