رنویر سنگھ : منفرد انداز کے حامل، چلبلے اور منچلے اداکار

   

ممبئی، 7 جولائی (ایجنسیز) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور جواں دلوں کی دھڑکن رنویر سنگھ گزشتہ روز 40 سال کے ہوگئے۔ رنویر 6 جولائی 1985 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد جگجیت سنگھ بھونانی اور ماں انجو بھونانی ہیں۔ ان کی ایک بڑی بہن بھی ہے جس کا نام ریتیکا بھونانی ہے۔ رنویرسنگھ بچپن سے ہی اداکار بننے کا خواب دیکھاکرتے تھے۔ رنویر نے ایچ آر کالج آف کامرس اینڈاکنامکس ممبئی، اس کے علاوہ، انڈیانا یونیورسٹی، امریکہ سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ امریکہ سے ممبئی واپس آنے کے بعد انہوں نے کچھ سال اشتہارات میں کاپی رائٹر کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعدجنوری 2010 میں انہیں یش راج فلمز کے بیانر والی فلم بینڈ باجہ بارات میں آڈیشن کاموقع ملاجس میں انہیں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ ’ڈیبیو اداکار ‘کے ایوارڈ سے نوازے گئے۔ اس فلم کے بعد رنویرسنگھ کا بالی ووڈکاسفر کافی خوبصورت رہا، جس میں وہ اب تک اپنے مداحوں کو کئی ہٹ فلمیں دے چکے ہیں۔ 2013 میں رنویر سنگھ کی سوپر ہٹ فلم ’گولیوں کی راس لیلا۔ رام لیلا‘ ریلیز ہوئی۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ فلم نے باکس آفس پر 100کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ 2014 میں رنویر سنگھ کو ایک بار پھر یش راج بیانر والی فلم ’غنڈے‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ کوئلہ مافیاکے ارد گرد گھومتی اس فلم میں رنویر نے اپنی چاکلیٹی شبیہ سے ہٹ کر موالی غنڈے کاکردار نبھایا۔ فلم میں ان کا یہ اسٹائل ناظرین نے کافی پسندکیا۔ یہ فلم سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔ 2015 میں ’دل دھڑکنے دو‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘جیسی ہٹ فلم ریلیز ہوئیں۔ 2018 میں سنجے لیلا بھنسالی کی تنازعات میں گھری فلم ’پدماوت‘ ریلیز ہوئی جس میں رنویر نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ فلم بھی سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد رنویر سنگھ کی مزاحیہ اور ایکشن سے بھرپور فلم سمبّا ریلیز ہوئی۔ یہ بھی سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔ رنویر نے 2012 میں اپنی فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ کی شوٹنگ کے دوران اپنا دل دپیکا کو دے دیاتھا اور طویل محبت کے بعد 2018 میں دپیکا پڈوکون سے شادی کرلی۔ رنویر کی دیگر فلموں میں کِل دل، گلی بوائے، بامبے ٹاکیز، ہے برو، بے فکرے، سوریہ ونشی ہیں۔ فلم ’83‘ میں انہوں نے کپل دیو کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ جئیش بھائی زوردار، سرکس، راکی اور رانی کی پریم کہانی، سمبا 2 اور سنگھم اگین شامل ہیں۔ رنویر کو فلموں میں بہترین اداکاری کے لئے متعدد بار ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔