رنکو سنگھ کوچ گمبھیر سے مصافحہ کرنا بھول گئے

   

نئی دہلی۔ ورلڈ چمپئن ٹیم انڈیا نے سری لنکا کے خلاف زبردست کارکردگی پیش کرتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کیا۔ پہلے دو ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز جیتنے والی سوریاکمار یادیوکی ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز فتح درج کی۔ تاہم اس جیت کے بعد رنکو سنگھ کو خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ رنکو اس سیریز میں صرف 2 رن بنا سکے لیکن ٹیم انڈیا نے انہیں خصوصی ایوارڈ دیا۔ بڑی بات یہ ہے کہ یہ ایوارڈ ملنے کی خوشی میں وہ ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کو بھول گئے۔ رنکو سنگھ سیریز میں بیٹ سے ناکام رہے لیکن ٹیم انڈیا نے اس کھلاڑی کو سیریز کا بہترین فیلڈر منتخب کیا۔ اچھی کیچنگ کے علاوہ رنکو سنگھ نے زبردست گراؤنڈ فیلڈنگ کی اور اسی وجہ سے فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ نے انہیں بہترین فیلڈرکا ایوارڈ دیا۔ یہ ایوارڈ ملنے کے بعد رنکو سنگھ بہت خوش تھے ۔اس دوران وہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیرکو بھول گئے۔ رنکو سنگھ کو اسسٹنٹ کوچ ٹین ڈیسکیٹی نے بہترین فیلڈرکا میڈل دیا اور پھرکھلاڑی نے ان سے مصافحہ کیا۔ اس کے بعد وہ فیلڈنگ کوچ دلیپ سے ہاتھ ملاتے او گلے ملتے ہوئے نظر آئے۔ گوتم گمبھیر ان کے پاس کھڑے تھے اور رنکو سنگھ ان سے ملنا بھول گئے۔ پھرگوتم گمبھیر نے رنکو سنگھ کو یاد دلایا کہ وہ بھی یہاں کھڑے ہیں اور پھر اس کھلاڑی نے انہیں گلے لگا لیا۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔