نئی دہلی۔17اگست (ایجنسیز) بی سی سی آئی کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور ان کا پینل جلد ہی ایشیا کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرے گا۔ دریں اثنا، انڈین پریمیئر لیگ2025 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے اسٹار فنشر کھلاڑی کے بارے میں بھی ایک بڑی رپورٹ سامنے آرہی ہے۔ کے کے آر کے شاندار بیٹر رنکو سنگھ، جنہیں فرنچائز نے13کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا، انہیں ایشیاکپ 2025 کے لیے ٹیم انڈیا میں جگہ ملنا بہت مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ رنکو سنگھ کی کارکردگی ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت اچھی رہی ہے۔ ایشیا کپ 2025 ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور رنکو سنگھ نے اس فارمیٹ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے33 میچوں میں 42 کی اوسط سے 546 رنز بنائے ہیں، انہوں نے تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور جارحانہ بیٹرکا بہترین اسکور69 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ رنکو سنگھ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ہندوستانی ٹیمکے لیے بہت اچھے طریقے سے فنشرکا کردار ادا کیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود رپورٹ کا ماننا ہے کہ انہیں ایشیاکپ 2025 کے لیے ٹیم انڈیا میں شامل نہیں کیا جائے گا۔