رنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں اربن پرائمری ہیلت سنٹرس کی تعداد بہت کم

   

حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں بالمرائی میں ایک نئے اربن پرائمری ہیلت سنٹر کے آغاز کے ساتھ حیدرآباد ڈسٹرکٹ میں ریاستی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے اس طرح کے سنٹرس کی تعداد 90 ہوگئی ہے جبکہ پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں اس طرح کی صرف 25 سہولتیں ہیں۔ حالانکہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پبلک ہیلت کیر سسٹم میں مکمل تبدیلی کے حصہ کے طور پر جلد ہی مزید چند سنٹرس کھولنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ تاہم رنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں عہدیداروں نے کہاکہ ضلع میں ابھی کوئی نئے سنٹرس شروع کرنے کا منصوبہ نہیں ہے۔ حیدرآباد میں ایک کروڑ سے زائد اور رنگاریڈی میں 34 لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں اور ہر وارڈ میں پرائمری ہیلت سنٹر قائم کرنے کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان دونوں اضلاع میں پرائمری ہیلت سنٹرس کے قیام کے لئے مطالبہ کیا جارہا ہے کیوں کہ 10 سال عمر کے بچے بھی گردے، قلب اور جگر سے متعلق صحت کی پیچیدگیوں سے متاثر ہورہے ہیں۔ شیورام پلی کے ساکن ایک شخص نے کہاکہ مجھے میرے بھائی کو ہفتہ میں تین مرتبہ ڈیلائسس کے لئے لے جانا پڑتا ہے۔ ہمارے پاس پہلے نمس جانے اور اگر سلاٹ نہ ملے تو بعد میں دیگر سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ قومی شاہراہ 44 پر راجندر نگر علاقہ میں کہیں بھی اس طرح کی اہم ضرورت کی سہولت نہیں ہے۔