لکڑی کا پل سے فائیلوں کی منتقلی کیلئے تیاری، کنٹراکٹر کو نئی عمارت وقت مقررہ پر تعمیر کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔6۔مارچ۔(سیاست نیوز) لکڑی کا پل پر موجود رنگاریڈی ضلع کلکٹر کا دفتر جاریہ ماہ کے اواخر میں ابراہیم پٹنم منتقل کردیا جائے گا۔ابراہیم پٹنم کے قریب کونگرا کالن میں تعمیر کی گئی نئی ضلع کلکٹریٹ کی عمارت کے تعمیری کاموں کو جاریہ ماہ کے اواخر تک مکمل کرلینے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جلد از جلد ان کامو ںکی تکمیل کے ساتھ ساتھ موجود ضلع کلکٹریٹ کے دفتر میں موجود شعبہ جات کو منتقل کرنے کے اقدامات کو بھی تیز کیا جائے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سال 2016 میں تمام ریاستو ںمیں نئے کلکٹر دفاتر اور تمام دفاتر کو ایک مقام پر منتقل کرنے کے فیصلہ کے بعد سال 2017میں 33کروڑ کی لاگت سے ضلع کلکٹررنگاریڈی کے دفتر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور اب اس عمارت کی تعمیر آخری مراحل میں ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ضلع کلکٹریٹ کے عہدیداروں نے کنٹراکٹر کو جاریہ ماہ کے اختتام تک عمارت کی تعمیر کو مکمل کرلینے کی ہدایت دے دی ہے اور کہا ہے کہ 31 مارچ سے قبل عمارت ضلع کلکٹریٹ کے حوالہ کردی جائے تاکہ ضلع کلکٹریٹ کے دفتر کو منتقل کرتے ہوئے عمارت کے افتتاح کو یقینی بنایا جائے سکے۔ ایڈیشنل کلکٹرنے اپنے ماتحتین اور عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ 31مارچ تک مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے کمرے الاٹ کرنے کے عمل کو مکمل کرلیں اور بتدریج اپنے سامان اور دفتری فائلس کو منتقل کرنے کے اقدامات شروع کردیئے جائیں۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی کی نئی عمارت میں منتقلی کے اقدامات کو تیز کئے جانے کی اطلاعات کے ساتھ ہی کہا جا رہا ہے کہ ابراہیم پٹنم میں تعمیر کی گئی اس عمارت کے اطراف و اکناف کی سرگرمیوں میںاضافہ ہونے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ضلع کلکٹر رنگاریڈی کے نئے دفتر اور عمارت کا تلگو سال نو اگادی کے موقع پر افتتاح انجام دیئے جانے کا امکان ہے اور اگادی جو کہ 2اپریل کو ہے اس سے قبل تمام تیاریوں کو مکمل کرلینے کے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلع رنگاریڈی کے ضلع کلکٹر دفتر کا افتتاح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انجام دے سکتے ہیں عہدیدارو ںکی جانب سے چیف منسٹر کے ہاتھوں اس عمارت کے افتتاح کے لئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے پرگتی بھون کے عہدیداروں سے مشاورت کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے تاکہ لمحہ ٔ آخری میں کسی بھی طرح کی دشواریوں یا چیف منسٹر کی مصروفیات کے سبب افتتاح کو ملتوی نہ کرنا پڑے۔م